خلیجی ممالک کے افراد کو عمرہ کی مشروط اجازت

   

مکہ مکرمہ ۔ سعودی وزارت حج وعمرہ نے عرب خلیجی ممالک کے شہریوںکو عمرہ اورمسجد نبویﷺ کی زیارت کی مشروط اجازت دی ہے۔کورونا ٹسٹ اور مملکت میں قرنطینہ کی پابندی کرنا ہوگی۔ ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے ٹوئٹر کے اکاونٹ پر بیان میں کہا کہ جی سی سی ممالک کے وہ شہری عمرہ کی سعادت حاصل کرنا چاہتے ہوں یا مسجد نبوی ﷺکی زیارت یا نماز اداکرنے کے خواہشمند ہوں وہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامے حاصل کرلیں۔مملکت آمد سے 72 گھنٹے قبل پی سی آرکورونا ٹسٹ کروانا اور مملکت پہنچنے پر72 گھنٹے سے زیادہ گھریلو قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔ ایسا کرنے پر انہیں عمرہ اور زیارت کی اجازت ہوگی۔وزیرحج وعمرہ محمد صالح بنتن نے کہا کہ عرب خلیجی ممالک کے باشندوں کو عمرہ اور زیارت کے لئے ارض مقدس آنے پر خوش آمدید کہیں گے۔ اس کے لیے اعتمرنا ایپ سے اجازت نامہ حاصل کرلیں۔