خلیج فارس میں متحرک طیاروں کو امریکہ کا انتباہ

   

دوبئی 19 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی سفارتکاروں نے آج خبردار کیا کہ خلیج فارس میں وسیع پیمانے پر اڑانیں بھرنے والے کمرشیل طیاروں کو غلط شناخت کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے کیونکہ امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سفارتی ذرائع سے وفاقی شہری ہوابازی انتظامیہ نے اڈوائزری جاری کی اور کہا ہے کہ علاقہ میں جاری کشیدگی کے دوران فضائی سفر خطرناک ہوسکتا ہے ۔ خلیج فارس میںپرواز کرنے والے خانگی طیاروں کو غلط شناخت کا مسئلہ درپیش ہوسکتا ہے ۔ یہ بھی انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ علاقہ میں بحری سرگرمیاں بھی خطرہ سے خالی نہیں ہوں گی ۔ امریکہ کی جانب سے خلیج فارس اور مشرق وسطی میں اپنی فوجی موجودگی میں اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد سے امریکہ و ایران کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے اور کسی ٹکراؤ کے اندیشے بھی ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ امریکہ کا الزام ہے کہ اسے علاقہ میں اپنے مفادات پر ایران سے خطرات کا سامنا ہے۔ تاہم ان خطرات کی وضاحت نہیں کی گئی۔ اس خطرہ کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے امریکہ نے ایران سے اپنے غیر سفارتی عملہ کو واپس طلب کرلیا ہے۔ تاہم اس کے بعد سے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے لہجہ اور انداز میں قدرے نرمی بھی پیدا ہوئی ہے ۔