خواتین کو ہر شعبہ میں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت،ویمن امپاورمنٹ پر سمینار ، ڈاکٹر چنا ریڈی ، کیپٹن پانڈو رنگا ریڈی اور دوسروں کا خطاب

   

حیدرآباد ۔18 ۔ جون (سیاست نیوز) ویمن امپاورمنٹ اور خواتین کو مردوں کے برابر حصہ داری کے موضوع پر ڈاکٹر ایم چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں سمینار کا اہتمام کیا گیا۔ سماج کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں نے شرکت کرتے ہوئے سماج میں خواتین کو معاشی ، سماجی اور سیاسی طور پر ترقی کے مواقع فراہم کرنے پر زور دیا۔ تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت تلنگانہ میں خواتین کو معاشی طور پر خود مکتفی بنانے کیلئے کئی قدم اٹھارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو بلا سودی قرض فراہم کئے جارہے ہیں اور سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعہ سولار برقی پلانٹس کے قیام کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرد اور خواتین میں امتیازات کو ختم کرتے ہوئے ہر شعبہ میں ترقی کے مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں۔ ڈاکٹر چنا ریڈی نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں خوایتن نے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔ اس موقع پر سوشیل ویلفیر اقامتی اسکولوں کے تربیت یافتہ پرنسپلس اور محکمہ بہبودی خواتین و اطفال کی ملازمین کو تہنیت پیش کی گئی۔ سمینار میں سنٹر فار تلنگانہ اسٹڈیز کے ڈائرکٹر کیپٹن پانڈو رنگا ریڈی ، کورس ڈائرکٹر ڈاکٹر پی سرینواس ، نامور ادیب پروفیسر جی جیلندھر ریڈی ، شلپا رمنا ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی ۔1/k