خواتین کی بااختیاری اور عزت و احترام کو یقینی بنانے پر زور

,

   

غذا ؤںکو ضائع کرنے اور پلاسٹک کے ایک مرتبہ استعمال سے گریز، پانی اور توانائی کی بچت کی ضرورت : وزیراعظم نریندر مودی

نئی دہلی ۔ 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے قومی دارالحکومت میں منعقدہ دسہرہ تقاریب میں حصہ لیتے ہوئے عوام پر نوراتری کے جذبہ کو فروغ دیتے ہوئے خواتین کے وقار کو یقینی بنانے اور انہیں مزید بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ مہاتما گاندھی کو ان کے 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر حقیقی معنوں میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ غذا کو رائیگاں ہونے سے بچانے کے مشن کو آگے بڑھایا جائے، پانی اور توانائی کی بچت کی جائے اور پلاسٹک کے ایک مرتبہ استعمال سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں نوراتری کے موقع پر مختلف دیوی دیوتاؤں کی پوجائیں کی جارہی ہیں۔ عوام کو چاہئے کہ وہ خواتین کے وقار و احترام کی حفاظت کے علاوہ انہیں مزید بااختیار بنانے کیلئے کام کریں۔ وزیراعظم دواکار سری رام لیلا سوسائٹی کے زیراہتمام دسہرہ تقریب سے خطاب کررہے تھے جہاں راکشیسوں کے راجہ راون کے بڑے پتلے نذرآتش کئے گئے۔ اس کے ساتھ کم کرن اور میگناتھ کے پتلے بھی جلائے گئے۔ ہندو دھرم میں اس عمل کو بدی پر نیکی کی فتح سمھا جاتا ہے۔

وزیراعظم مودی نے اس موقع پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان تہواروں کی سرزمین ہے۔ ’’تہوار ہمارے ملک کی زندگی ہے۔ اس دیوالی کو ہم اپنی بیٹیوں کو تہنیت پیش کریں گے جنہوں نے بہت کچھ کیا ہے یا پھر دوسروں کو کامیاب ترغیب دی ہے‘‘۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں آج ہی انڈین ایرفورس کا 87 واں یوم تاسیس بھی منایا جارہا ہے اور ملک ہندوستانی فضائیہ پر فخر کرتا ہے۔ مودی نے شہ نشین پر موجود ان مرد و خواتین کی پیشانیوں پر تلک لگاتے ہوئے تہنیت پیش کی جنہوں نے رام، سیتا اور لکشمن کا رول ادا کیا تھا۔ دوارکا سری رام لیلا سوسائٹی کے چیرمین راجیش گہلوٹ نے کہا کہ راکشیسوں کے راجہ راون کا 107 فیٹ بلند پتلا کے علاوہ کم کرن اور میگناتھ کے پتلے سبز پٹاخوں (ماحولیات دوست) پٹاخوں سے بنائے گئے تھے۔ وزیراعظم مودی نے مزید کہا کہ ہندوستان میں انڈین ایرفورس کی بہادری و جرأت مندی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کا یوم تاسیس بھی ہمارے ملک میں بالکل اس طرح منایا جاتا ہے جس طرح لارڈ ہنومان کو وجئے دشمی پر خراج عقیدت ادا کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈین ایرفورس میں اپنی جرأتمندی کے ذریعہ کئی کارنامے انجام دیئے ہیں جو ملک کیلئے قابل فخر ہیں۔