خواتین کی تصاویر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والا نوجوان گرفتار

   

حیدرآباد ۔3جولائی ( سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) کی سائبر کرائم پولیس نے وشاکھاپٹنم سے تعلق رکھنے والے ایک نیٹ ورکنگ اور ہارڈویر انجنیرونود کمار عرف سندیپ کو گرفتار کرلیا جو خواتین کے تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے انہیں مختلف سوشیل میڈیا کے ویب سائیٹس پر اپ لوڈ کرتے ہوئے انہیں بلیک میل کررہا تھا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس سائبر کرائمس کے سی رگھوویر نے کہا کہ ڈیل کمپنی کی ملازمہ ( سیکورٹی انجنیئر) نے شکایت درج کروائی تھی جس میں یہ کہا کہ اُس کے تصاویر کئی سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس اور فحاش و عریاں ویب سائیٹس پر موجود ہے ۔ ایک شخص نے اس سے رابطہ قائم کرتے ہوئے ان تصاویر کو ویب سائیٹ سے حذف کرنے کیلئے 10ہزار روپئے ہر مہینہ ادا کرنے کیلئے کہا اور اس بات پر یقین کرتے ہوئے متاثرہ لڑکی نے جنوری سے اب تک 40ہزار روپئے ادا کئے ۔ رقم کی ادائیگی کے باوجود بھی تصاویر مختلف ویب سائیٹس پر رونما ہورہے تھے، جس کے نتیجہ میں لڑکی نے دوبارہ سندیپ کو فون کیا اور تصاویر موجود ہونے کی اطلاع دی ۔ لیکن سندیپ اُسے بلیک میل کرتے ہوئے مزید رقم ادا کرنے کیلئے کہہ رہا تھا ۔ سائبر کریم پولیس نے اس ضمن میں کارروائی کرتے ہوئے وشاکھاپٹنم سے تعلق رکھنے والے ونود کمار عرف سندیپ کو گرفتار کرلیا اورموبائیل فون اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ مذکورہ شخص نے اب تک 300لڑکیوں کو بلیک میل کیا ہے۔