روزانہ لاکھوں خواتین کا مفت سفر، بی جے پی اور بی آر ایس پر اسکیم کی مخالفت کا الزام
حیدرآباد۔/3جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں مہا لکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت سے روزانہ لاکھوں خواتین استفادہ کررہی ہیں اور ریونت ریڈی حکومت کے اقدام کا خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ صدر ریاستی مہیلا کانگریس سنیتا راؤ نے دیگر مہیلا قائدین کے ساتھ آج گاندھی بھون سے آر ٹی سی کی بس میں سفر کیا اور بس میں موجود مرد و خواتین سے بات چیت کی۔ خواتین نے مفت سفر کی سہولت کا خیرمقدم کیا تاہم مرد مسافرین نے آر ٹی سی بسوں کی تعداد میں اضافہ کی تجویز پیش کی تاکہ خواتین کے ہجوم سے نمٹا جاسکے۔ سنیتا راؤ نے مسافرین کو بتایا کہ تلنگانہ آر ٹی سی کی جانب سے نئی 1000 سے زائد بسیں حاصل کی جارہی ہیں تاکہ مہا لکشمی اسکیم سے اضافہ شدہ مسافرین سے نمٹا جاسکے۔ بس میں سفر کے دوران سنیتا راؤ نے ڈرائیور اور کنڈکٹر سے بھی بات چیت کرتے ہوئے اسکیم کے بارے میں رائے حاصل کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سنیتا راؤ نے کہا کہ سونیا گاندھی کی جانب سے 6 ضمانتوں کے اعلان پر ریونت ریڈی حکومت نے عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ حلف برداری کے دو دن بعد دو ضمانتوں پر عمل آوری شروع ہوچکی ہے جن میں آروگیہ شری کے تحت علاج کی حد میں اضافہ اور خواتین کو مفت بس میں سفر کی سہولت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین و طالبات کے علاوہ چھوٹے خاتون تاجرین اس سہولت سے بھرپور استفادہ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفت سفر کی سہولت کو بی آر ایس سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے۔ آٹو ڈرائیورس کے ذریعہ حکومت کی اسکیم کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بی جے پی اور بی آر ایس نے حکومت کی اسکیمات کے خلاف بیان بازی شروع کردی ہے۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ حکومت نے آٹو اور کیاب ڈرائیورس کو سالانہ 12 ہزار روپئے کی مالی امداد کا فیصلہ کیا ہے۔ بی آر ایس دور حکومت میں خواتین کی بھلائی کو نظرانداز کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں خواتین کانگریس کی تائید کریں گے۔ ریونت ریڈی حکومت 100 دنوں میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ غریب طبقات کی بھلائی کو اولین ترجیح دی ہے اور عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے۔1