خواتین کے وقار کو یقینی بنا کر ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے :مودی

   

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا کہ خواتین کی طاقت کے وقار کو یقینی بنا کر ہی سماج اور ملک ترقی کی راہ پر آگے بڑھ سکتے ہیں کیونکہ تھوڑی سی مدد سے خواتین دوسروں کا بھی سہارا بن جاتی ہیں۔ وزیر اعظم نے انڈین ایگریکلچرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، پوسا میں ’ششکت ناری ۔وکست بھارت‘ پروگرام میں حصہ لیا اور نمو ڈرون دیدیوں کے زرعی ڈرون کے مظاہرہ کو بھی دیکھا۔ پورے ملک میں 10 مختلف مقامات سے نمو ڈرون دیدیوں نے بھی ڈرون کے مظاہرے میں ایک ساتھ حصہ لیا۔ اس پروگرام کے دوران مودی نے نمو ڈرون دیدیوں کو ایک ہزار ڈرون بھی حوالے کئے ۔ مودی نے ہر ضلع میں بینکوں کے ذریعہ قائم کردہ بینک لنکیج کیمپوں کے ذریعہ رعایتی شرح سود پر خود مدد گروپوں کو تقریباً 8000 کروڑ روپے کے بینک قرض بھی تقسیم کئے ۔ انہوں نے تقریباً 2000 کروڑ روپے کے کیپٹل اسسٹنس فنڈز بھی سیلف ہیلپ گروپوں میں تقسیم کیے ۔ وزیر اعظم نے مستحقین سے بات چیت بھی کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں مودی نے آج کے دن کوتاریخی قرار دیا کیونکہ ڈرون دیدیاں اور لکھ پتی دیدیاں کامیابی کے نئے باب لکھ رہی ہیں۔