خودشماری سے درست تفصیلات کے اندراج میں آسانی

   

وقت بھی بچے گا ، مردم شماری میں عوام کی شرکت کیلئے شعور بیداری ضروری ، سنگاریڈی میں بھارتی ہولی کیری کا خطاب
سنگاریڈی ۔17 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ ریاست کی ڈائریکٹر مردم شماری آپریشنز بھارتی ہولی کیری نے کہا کہ خود شماری کے ذریعے مردم شماری میں عوام کی شرکت کے ذریعہ وقت کی بچت اور درست و معیاری معلومات کے حصول کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انھوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مردم شماری کے عمل کو ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں اور اعداد و شمار کی درستگی پر خصوصی توجہ مرکوز کریں۔ سنگاریڈی کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں مردم شماری کے دوسرے مرحلے (Population Enumeration) سے متعلق چارج کلرکس اور تکنیکی معاونین کے لیے منعقدہ تربیتی پروگرام سے خطاب کررہی تھیں۔ اس پروگرام میں ضلع کلکٹر پرتیک جین نے بھی شرکت کی۔بھارتی ہولی کیری نے بتایا کہ مردم شماری کے پہلے مرحلے میں مکانات کی فہرست سازی، گھروں کی تفصیلات اور خاندان کے افراد کی تعداد سے متعلق معلومات جمع کی گئی ہیں، جبکہ دوسرے مرحلے میں ہر فرد کی تفصیلات مقررہ ضوابط کے مطابق درست طور پر درج کرنا ضروری ہے۔ انھوں نے خود شماری کو خصوصی اہمیت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام میں شعور بیدار کیا جائے تاکہ خاندان کے تمام افراد کی تفصیلات متعلقہ ایپ میں پہلے ہی درج کرلی جائیں۔ خود شماری مکمل ہونے کے بعد شمار کنندگان متعلقہ خاندانوں سے ملاقات کرتے ہوئے درج شدہ معلومات کی جانچ کریں اور ضرورت پڑنے پر شبہات کو دور کریں۔ اس طریقۂ کار سے شمار کنندگان کے کام کا بوجھ کم ہونے کے ساتھ عوام کا وقت بھی بچے گا۔انھوں نے کہا کہ ضلع کی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے مقررہ مدت میں خود شماری کے اہداف کی تکمیل کے لیے تمام متعلقہ عہدیدار باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔ اس سلسلے میں اساتذہ، آنگن واڑی عملہ، آشا کارکنوں، سرکاری ملازمین اور دیگر محکمہ جات کے عملے کے تعاون سے عوام میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کی جائے۔میدانی سطح پر تفصیلات کی جانچ پر زور ڈائریکٹر مردم شماری آپریشنز نے سابقہ ہاؤس لسٹنگ آپریشن کے دوران جمع کردہ معلومات کی بنیاد پر موجودہ زمینی حالات کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ انھوں نے کہا کہ آبادی میں اضافہ، نئی تعمیرات، نقل مکانی، ایسے رہائشی مکانات جن کی پہلے شناخت نہیں ہوسکی، ادارہ جاتی رہائش گاہوں اور خالی مکانات سمیت تمام متعلقہ امور کا جائزہ لے کر مقررہ پروفارما میں تفصیلات درج کی جائیں۔انھوں نے مزید کہا کہ بے گھر افراد سمیت ہر اہل فرد کی تفصیلات مردم شماری میں شامل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں اور کسی بھی قسم کی غلطی سے بچنے کے لیے عہدیدار اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی کے ساتھ انجام دیں۔اس تربیتی پروگرام میں انچارج سی پی او گیتا، چارج کلرکس، تکنیکی معاونین، ماسٹر ٹرینرس اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی۔