خیبرپختونخوا: دو خود کش دھماکے، دو پولیس اہلکار ہلاک

   

پشاور : پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں تحصیل کمپاؤنڈ پر دھماکوں میں کم از کم دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دو حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔وائس آف امریکہ کے شمیم شاہد نے رپورٹ کیا کہ ایس ایچ او باڑہ اکبر آفریدی کے مطابق باڑہ کے تحصیل کمپاؤنڈ گیٹ پر دو خود کش حملہ آوروں نے اندر جانے کی کوشش کی جنہیں پولیس اہلکاروں نے روکا۔ان کے بقول اس دوران دونوں حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے سے کمپاؤنڈ کے مرکزی دروازے کو نقصان پہنچا اور کچھ حصے منہدم ہوگئے۔دھماکوں کے بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔ پولیس نے کہا کہ حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑانے سے قبل فائرنگ بھی کی۔پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کم از کم دو اہلکار ہلاک اور نو زخمی ہوئے ہیں جب کہ دونوں حملہ آور بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ممنوعہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے باڑہ تحصیل کمپاؤنڈ پر دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔پاکستان میں حالیہ عرصے میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور سمیت مختلف علاقوں میں پچھلے کئی روز سے دہشت گردی بالخصوص سیکیورٹی فورسز پر عسکریت پسندوں کے حملوں میں تیزی آئی ہے۔منگل کو پشاور کے علاقے حیات آباد میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا تھا جس میں کم از کم آٹھ افراد زخمی ہوگئے تھے۔