’سیاست ‘ میں خبر کی اشاعت کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود حرکت میں آیا
حیدرآباد۔28جولائی(سیاست نیوز) دائرۃ المعارف تلنگانہ کے عملہ کی تنخواہوں کا مسئلہ حل کرلیا گیا اور تمام ملازمین کی تنخواہوں کی اجرائی کی جاچکی ہے۔ روزنامہ سیاست 19جولائی کے شمارہ میں دائرۃ المعارف کے عملہ کی تنخواہوں کے معاملہ میں ڈائرکٹر دائرۃ المعارف پروفیسر ایس اے شکور اور سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب بی شفیع اللہ کے درمیان بحث سے متعلق مسئلہ کی اشاعت کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود نے گذشتہ 7 ماہ سے زیر التواء مسئلہ کی یکسوئی کرکے دائرۃ المعارف کے عملہ کی تنخواہوں کی اجرائی کو یقینی بناکر محکمہ فینانس کو درکار تفصیلات روانہ کردی۔ بتایا گیا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت قدیم ادارہ‘ دائرۃ المعارف کے عملہ کی تنخواہوں کا معاملہ 7ماہ سے زیر التواء تھا اور متعدد مرتبہ سیکریٹری اقلیتی بہبود کو متوجہ کروانے کے باوجود اس کو نظرانداز کرنے پر پروفیسر ایس اے شکور نے برہمی کا اظہار کیا تھا لیکن اس برہمی کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے حرکت میں آکر مسئلہ کی یکسوئی کے اقدامات کا آغاز کیا اور گذشتہ یوم عملہ کی تنخواہوں کی اجرائی کے احکام جاری کردیئے گئے۔ محکمہ فینانس کے عہدیداروں کی جانب سے دائرۃ المعارف و محکمہ اقلیتی بہبود کے دیگر اداروں میں برسرکار عملہ اور ملازمین کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں تاکہ ان کی تنخواہوں کی اجرائی میں بے قاعدگیوں کی جانچ کی جاسکے۔3/k/b