دارالعلوم قصدالسبیل اور جمعیت العلماء کی امداد تقسیم

   

محبوب نگر ۔8 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے مرکزی و ریاستی حکومتوں کی جانب سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن سے متاثر فاقوں پر مجبور اور غریب مستحقین ، ماہ رمضان کے پیش نظر مساکین میں دارالعلوم قصدالسبیل ٹرسٹ اور جمعیت العلماء محبوب نگر کے زیراہتمام بنیادی ضروری اشیاء کی بڑے پیمانے پر مسلسل تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے ۔ چاول ، آٹا ، تیل ، ادرک لہسن ،مرچی ، دال ، شکر ،نمک ، چائے کی پتی ، کھجور ، پیاز و دیگر اشیاء پر مشتمل پیکیج کی تقسیم مولانا محمد نعیم کوثر رشادی فاؤنڈر سکریٹری سبیل ٹرسٹ و جنرل سکریٹری جمعیت العلماء ضلع محبوب نگر کی راست نگرانی میں جاری ہے ۔ مولانا ایک حرکیاتی ٹیم کے ساتھ محبوب نگر کے طول و عرض میں مستحقین کی نشاندہی کرتے ہوئے معقول اور معیاری پیکیج گھر گھر تقسیم کرتے آرہے ہیں ۔ تقریباً 4000 سے زائد مکانات تک راشن پہنچایا جاچکا ہے ۔ محبوب نگر کے علاوہ اطراف کے علاقوں کے عوام میں بھی 2000 سے زائد پیاکیجس کی تقسیم ہوچکی ہے ۔ اس بڑے پیمانے پر انجام دیئے جانے والے کام میں شہرکے علماء حفاظ کرام مولانا کا بھرپور تعاون کررہے ہیں ۔