دارالعلوم وقف دیوبند میں آن لائن تعلیم شروع کرنے کا فیصلہ

   

حیدرآباد۔5جنوری(سیاست نیوز) ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں میں ہورہے اضافہ کو دیکھتے ہوئے دارالعلوم وقف دیوبند نے عربی اول تا عربی چہارم جماعتوں کی بالمشافہ تعلیم کو موقوف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اپنے مقامات کے لئے روانہ ہوجائیں اور8جنوری کو آن لائن تعلیم کے عمل کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مولانا محمد سفیان قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند نے آج جاری کردہ اعلان میں کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے سبب پیدا شدہ غیر یقینی صورتحال اور مختلف ریاستوں کی جانب سے عائد کی جانے والی تحدیدات و پابندیوں کے تناظر میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور اترپردیش میں بھی حکومت کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیوں اور بندشوں کے سبب طلبہ کو ان کے آبائی مقامات کو روانہ ہونے کا مشورہ دے دیا گیا ہے ۔