داعش کا فنڈز اکٹھا کرنے کیلئے ڈیٹنگ ایپس کا استعمال

   

بغداد : گزشتہ برسوں کے دوران اپنی سرگرمیوں میں کمی کے بعد، دہشت گرد تنظیم داعش کے پاس مزید حمایتی حاصل کرنے کے لیے موبائل ایپلی کیشنز کا سہارا لینے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا۔ایک برطانوی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تنظیم نے ایک مشہور ڈیٹنگ ایپ کا استعمال کرتے ہوئے اپنی دہشت گردانہ سرگرمیوں کی مالی معاونت کے لیے ایک نئی چال ڈھونڈ لی ہے۔اخبار “دی ٹائمز” کے مطابق دہشت گردوں نے ٹنڈر ایپلیکیشن (جنوبی افریقہ) کے تازہ ترین ورڑن کا استعمال کرکے فنڈزحاصل کرنے کیلئے صارفین کو دھوکہ دینے اور بھتہ وصول کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔مبینہ طور پر آئی ایس آئی ایس نے انٹرنیٹ پر بھیجی گئی جعلی چیٹس اور تصاویر کی بنیاد پر صارفین سے رقم کا مطالبہ کیا۔ اس طرز عمل کو داعش کی نئی طرز کی رومانوی چالیں قرار دیا جارہا ہے۔جنوبی افریقہ میں بینکنگ رسک انفارمیشن سینٹر کے سربراہ، نِشال میوال نے انکشاف کیا کہ داعش نے صارفین کو نشانہ بنانے کے لیے اداکاروں اور ماڈلز کی تصاویر اور جعلی اور غلط ذاتی معلومات کا استعمال کیا۔ اس سے نشاندہی ہوتی ہے کہ داعش کے حامیوں نے فنڈز اکٹھے کرنے کیلئے جنوبی افریقہ میں اڈے قائم کر رکھے ہیں۔دریں اثنا ایپ کے واچ ڈاگ نے ایسے دھوکوں کے بارے میں خبردار کیا ہے جو عام طور پر اس وقت تیار ہوتے ہیں جب سکیمرز آفیشل ویب سائٹس سے “ڈیٹنگ” کو ہٹا دیتے ہیں۔