نئی دہلی: بی جے پی نے لوک سبھا میں بی ایس پی کے رکن پارلیمنٹ دانش علی کے خلاف نازیبا ریمارکس استعمال کرنے پر رمیش بدھوری کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔ پارٹی ذرائع نے کہا ہے کہ پارٹی صدر جے پی نڈا کی ہدایت پر اس نے بدھوری کو شوکاز نوٹس جاری کرکے اس واقعہ پر ان سے جواب طلب کیا ہے۔جمعرات کو لوک سبھا میں چندریان 3 کی کامیابی اور ہندوستان کے خلائی پروگرام کی کامیابیوں پر دیر رات کی بحث کے دوران بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوری نے بی ایس پی رکن پارلیمنٹ دانش علی کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کیا۔اس واقعے پر اپوزیشن جماعتوں کے ہنگامہ آرائی کے بعد لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے بدھوری کے قابل اعتراض ریمارکس کو ایوان کی کارروائی سے خارج کردیا، لیکن اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ہنگامہ جاری رہنے کے بعد ڈپٹی لیڈر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھوری کے الفاظ پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بدھوری کے متنازعہ ریمارکس کو نہیں سنا ہے لیکن
اگر انہوں نے کچھ ایسے الفاظ کا استعمال کیا ہے جس سے بی ایس پی ایم پی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے تو وہ اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور ان الفاظ کو ایوان کی کارروائی سے ہٹا دینا چاہئے۔ جمعہ کو اپوزیشن جماعتوں نے لوک سبھا میں دی گئی تقریرکا اقتباس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شائع کرکے بدھوری پر تنقیدکی اور بدھوری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ لوک سبھا کے ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر نے بدھوری کو ان کے ذریعہ استعمال کیے گئے بدسلوکی کے بارے میں سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ دوبارہ ایوان میں اس طرح کا برتاؤ کرتے ہیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔