دبئی پولیس کی چوکسی : صرف نصف گھنٹہ میں گمشدہ رقم ڈھونڈ نکالی

   

ابوظہبی : متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس نے محض 30 منٹ میں ایک عرب سیاح کی گمشدہ رقم تلاش کرکے اس تک پہنچا دی۔نئے سال کے جشن میں شرکت کرنے کیلئے آنے والا سیاح 76 ہزار درھم مالیت کی کرنسی ٹیکسی میں بھول گیا تھا۔ امارات الیوم کے مطابق دبئی پولیس میں سیاحوں کی خدمت کے شعبے کو اطلاع ملی تھی کہ ایک سیاح جو نئے سال کے جشن میں شرکت کرنے آیا تھا رقم کا بیگ ٹیکسی میں بھول گیا ہے۔ دبئی پولیس کے ڈائریکٹر کرنل جمال سالم الجلاف نے بتایا ’سال نو کا جشن ختم ہوتے ہی رات کے دو بجے انہیں ایک سیاح کی جانب سے اطلاع ملی کہ وہ ٹیکسی میں رقم کا بیگ بھول گیا ہے جس میں 17 ہزار ڈالر اور14 ہزار درھم ہیں‘۔ سیاح نے بتایا کہ ’اس نے ایئرپورٹ سے ایپ ٹیکسی بک کی تھی اور ہوٹل پہنچنے کے بعد وہ سال نو کے جشن کو دیکھنے کے لیے تقریب کے مقام پر چلا گیا جہاں پہنچ کر اسے معلوم ہوا کہ رقم کا بیگ اس کے پاس نہیں ہے‘۔ دبئی پولیس ڈائریکٹرکا کہنا تھا کہ’ رپورٹ ملتے ہی مخصوص ٹیموں نے اس ٹیکسی کا سراغ لگایا جس کے ذریعے سیاح ہوٹل پہنچا تھا‘۔