دریائے کرشنا کے پانی کی حصہ داری میں ناانصافی کیلئے بی آر ایس حکومت ذمہ دار : اتم کمار ریڈی

   

حیدرآباد ۔ 21۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے بی آر ایس دور حکومت میں دریائے کرشنا کے پانی کی حصہ داری میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کا الزام عائد کیا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سابق حکومت نے دریائے کرشنا کے پانی میں تلنگانہ کی حصہ داری کے حصول پر کوئی توجہ نہیں دی۔ پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ کیلئے فنڈس جاری نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کیلئے ایک لاکھ کروڑ مختص کرتے ہوئے عوامی رقومات کو ضائع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دریائے کرشنا کے پانی میں 70 فیصد حصہ داری تلنگانہ کی ہے لیکن سابق بی آر ایس حکومت کے تساہل کے نتیجہ میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی ہوئی ۔ تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد حکومت نے دریائے کرشنا میں حصہ داری کیلئے مرکز سے نمائندگی کی۔ مرکزی وزیر آبی وسائل کو دریائے کرشنا میں ٹریبونل کی جانب سے دی گئی حصہ داری سے واقف کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے بارے میں بی آر ایس قائدین کے لاکھ دعوؤں کے باوجود عوام پراجکٹ کی ناکامی سے اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ اس کے تحت تعمیر کئے گئے بیاریجس کی تعمیر میں نقائص کا پتہ چلا ہے۔ اسی دوران کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کی جانچ کرنے والے جسٹس پی سی گھوش کمیشن نے کے سی آر ، ہریش راؤ اور ایٹلا راجندر کو نوٹس جاری کی ہے۔1