دریائے گوداوری کے ہیرٹیج پر ریسرچ کی تجویزانٹاچ ٹیم کی رجت کمار سے ملاقات

   

حیدرآباد۔/8فروری، ( سیاست نیوز) انڈین نیشنل ٹرسٹ فار آرٹ اینڈ کلچرل ہیرٹیج (انٹاچ) نے دریائے گنگا کے راستہ میں ہیرٹیج کا پتہ چلانے کیلئے ایک اہم تحقیق کی ہے۔ یہ ادارہ دریائے گوداوری کے ضمن میں بھی اسی طرح کی تحقیق اور ڈاکیومنٹیشن کا منصوبہ رکھتا ہے۔ ہندوستان میں دریا محض پانی کے بہاؤ کا نام نہیں بلکہ تہذیب و ثقافت سے ان کا گہرا تعلق ہے۔ انٹاچ نے دریائے گنگا کے بارے میں گومکھ سے خلیج بنگال تک تحقیقی کام کیا اور دریائے گوداوری کیلئے بھی اسی طرح کی تحقیق کا منصوبہ ہے۔ انٹاچ کی ٹیم نے جو نئی دہلی سے حیدرآباد پہنچی انٹاچ کی کوکنوینر برائے تلنگانہ انورادھا ریڈی کے ہمراہ اسپیشل چیف سکریٹری آبپاشی رجت کمار ، پرنسپل سکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ اور دیگر عہدیداروں کی موجودگی میں پریزنٹیشن کے ذریعہ اپنی ریسرچ کو پیش کیا۔ انٹاچ نے دریائے گنگا کے تحت 51 اضلاع میں 2525 کیلو میٹر کا احاطہ کرتے ہوئے ہیرٹیج کا جائزہ لیا۔ قدرتی ہیرٹیج کے علاوہ کلچرل اور آرکیٹکچرل ہیرٹیج پر مبنی ڈاکیومنٹیشن کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ دریائے گوداوری کیلئے بھی اسی طرح کی ریسرچ کی تجویز ہے۔ عہدیداروں نے اس تجویز کو سراہا اور انٹاچ کی ٹیم کو اس سلسلہ میں تجاویز پیش کرنے کا مشورہ دیا تاکہ حکومت غور کرے۔ر