سرکاری اسکولس میں صد فیصد نتائج کیلئے
یکم فروری سے 38 دن کا خصوصی منصوبہ
حیدرآباد۔ 30 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سرکاری اسکولس میں دسویں جماعت کے صد فیصد نتائج کو یقینی بنانے کیلئے اسپیشل کلاسیس کا اہتمام کررہی ہے۔ اس کیلئے طلبہ میں شام کے وقت اِسنیکس (Snaks) تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ تعلیم نے احکامات بھی جاری کردیئے ہیں۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے دسویں جماعت کے طلبہ کیلئے صبح اور شام اسپیشل کلاسیس کا اہتمام کیا جارہا ہے، ساتھ ہی ہفتہ میں ایک مرتبہ سلپ ٹسٹ کا انعقاد کرنے کا اور طلبہ کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاست بھر میں دسہرہ کے بعد اسپیشل کلاسیس کا آغاز ہوا۔ یکم فروری سے 20 مارچ تک 38 دن اسپیشل کلاسیس میں حصہ لینے والے طلبہ کو اِسنیکس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے ہر طالب علم کیلئے 15 روپئے منظور کئے۔ تلنگانہ کے 4,500 ہائی اسکولس اور 194 ماڈل اسکولس میں تقریباً 1.90 لاکھ طلبہ دسویں جماعت میں زیرتعلیم ہیں۔ ان طلبہ کیلئے 38 دن اِسنیکس کی فراہمی کیلئے 11 کروڑ روپئے بجٹ درکار ہے۔ اِسنیکس میں باجرہ کے بسکٹ، پیاز کی پکوڑی، بسکٹس، ملیٹ وغیرہ دیئے جائیں گے۔ دوپہر کا کھانا بھی ساتھ میں رہیگا۔ 2