دشمنانہ چالوں کیخلاف ’سخت کارروائی‘ کرنے میں پس و پیش نہیں

   

پاکستان کو فوجی سربراہ راوت کا انتباہ ، مغربی پڑوسی پر دہشت گردی کی بدستور تائید کا الزام ، چین کے ساتھ بہتر فوجی تعلقات کا ادعا
نئی دہلی ۔15جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے آج پاکستان کو انتباہ دیا کہ ہندوستان دشمنانہ چالوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے میں نہیں ہچکچائے گا ، اور ادعا کیا کہ ہندوستانی فورسیس لائین آف کنٹرول کے پاس دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھاری نقصانات پہونچارہی ہیں ۔ جنرل راوت نے یہ بھی کہاکہ مغربی سرحد پر ہندوستان کا پڑوسی بدستور دہشت گردی کی حمایت کررہا ہے ۔ آرمی ایل او سی کے پاس اپنی برتری کو یقینی بنارہی ہے اور یہ کام جاری رہے گا ۔ وہ یہاں آرمی ڈے کے موقع پر آرمی پرسونل سے خطاب کررہے تھے ۔ انھوں نے کہاکہ ہماری فورسیس خطِ قبضہ کے پاس ہمارے دشمنوں کو اچھا جواب دے رہی ہیں ۔ اُنھیں بھاری نقصانات اُٹھانا پڑ رہا ہے ۔ میں ہمارے دشمن (ایل او سی کے پار ) کو وارننگ دے رہا ہوں کہ ہم کوئی بھی معاندانہ حرکتوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کرنے میں پس و پیش نہیں کریں گے ۔ ہم جموں و کشمیر میں سرحد کے پاس اخلاقی حدود میں رہتے ہوئے اپنی برتری کو یقینی بنارہے ہیں ۔ انڈین آرمی نے اُس ریاست میں دہشت گردوں کو زبردست نقصان پہونچایا ہے ۔ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو دہشت زدہ کرتے ہوئے اسلحہ اُٹھانے پر مجبور کیا جارہاہے ۔ ہم نہیں چاہتے کہ جموں و کشمیر کے عوام کو اُلجھن ہو ۔ ہمارے پڑوسی ملک کا ان سرگرمیوں میں ہاتھ ہے ۔ دہشت گردوں کو تربیت دی جارہی ہے اور اُنھیں ہمارے پڑوسی ملک کی طرف سے ہتھیار بھی مہیا کئے جارہے ہیں ، جسے عالمی سطح پر سرکاری سرپرستی والی دہشت گردی کہتے ہیں ۔ آرمی چیف کا ظاہر طورپر اشارہ پاکستان کی طرف ہے ۔ چین کے ساتھ متصل سرحد کے حوالے سے فوجی سربراہ نے کہاکہ ہندوستان اور چین دونوں کی فوجوں نے اپنے متعلقہ فورسیس کو نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں ۔ مشرقی سرحد پر امن و بھائی چارگی کو برقرار رکھنے کی کوششیں جاری ہیں لیکن ہم صورتحال کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لیتے رہیں گے۔ ہمارے سپاہی مشرقی سیکٹر میں سرحد کی حفاظت کے معاملے میں کوئی مفاہمت نہیں کریں گے ۔ جنرل راوت نے بتایا کہ اس ضمن میں حکومت کے دیئے گئے احکامات کی سختی سے تعمیل کی جائے گی ۔ شمال مشرق کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے جنرل راوت نے کہاکہ اُس خطہ میں صورتحال پرامن ہے اور آرمی وقفہ وقفہ سے انسداد شورش پسندی آپریشنس کررہی ہے ۔ انھوں نے آرمی پرسونل اور اُن کی فیملیوں سے اپیل بھی کی کہ سوشل میڈیا کے استعمال میں محتاط رہیں ، جو اُن کی رائے میں کٹر پسندی کوپھیلانے کیلئے استعمال کیا جارہاہے ۔ جنرل راوت نے بحریہ اور فضائیہ کے ساتھ ارتباط کی بات بھی کی ۔ انھوں نے کہاکہ ہم کوئی بھی جنگ کی صورت میں نیوی اور ایرفورس کے ساتھ بہتر تال میل میں کام کرتے ہوئے فیصلہ کن کامیابی حاصل کریں گے ۔ انھوں نے کہا کہ آرمی اپنی صفوں میں بڑے پیمانے پر ردوبدل اور جدید کاری کے اقدامات بھی انجام دے رہی ہے ۔