دفاعی نمائش ڈیف ایکسپو۔2020 کا لکھنو میں انعقاد

   

لکھنو،21ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے دارالحکومت میں پہلی بار دفاعی نمائش کے گیارہویں ایڈیشن ڈیف اکسپو انڈیا۔2020 کے انعقاد کی تمام کاروائیاں مکمل کی جاچکی ہیں۔پانچ دنوں پر مبنی اس پروگرام کا انعقاد 4تا 8 فروری2020 ہوگا۔ لکھنو کے ڈی ایم و ڈیف ایکسپو کے نوڈل افسر کوشل راج شرما نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ 4 فروری سے اندرا گاندھی پرتشٹھان میں منعقد ہونے والے اس پروگرا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ وزیر دفاع و لکھنو کے رکن پارلیمان راج ناتھ سنگھ، وزیر خاجہ ایس جے شنکر، یو پی کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ افتتاحی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ کوشل راج نے بتایا کہ دوسرے دن مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 1500معزز افراد کیلئے عشائیہ کے میزبان ہوں گے۔ اس موقع پر گومتی ریور فرنٹ پر تہذیبی پروگرام کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپو لکھنو۔رائے بریلی ہائی وے پر ورنداون یوجنا کے سیکٹر 15 میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام میں ملک و بیرون ملک سے آنے والے مہمانوں کو فائیو اسٹار سہولیات دستیاب کرائی جائیں گی ۔