دلی میں ایوارڈ گلی میں تنقید، مرکز پر کے ٹی آر کا طنز

   


ایوارڈ پانے والے 19 میونسپلٹیز کے عہدیداروں کو بیرونی دورہ کا فیصلہ
حیدرآباد۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کی بہتر کارکردگی پر ایک طرف ایوارڈ پیش کرتی ہے تو دوسری طرف مرکزی وزراء اور بی جے پی قائدین حکومت پر تنقیدوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ مرکز کا رویہ دلی میں ایوارڈ اور گلی میں تنقید کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ جات خاص طور پر شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے جملہ 20 قومی ایوارڈز میں سے 19 تلنگانہ کے حصہ میں آئے ہیں۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ ایک طرف ایوارڈز دیئے جارہے ہیں تو دوسری طرف تنقیدیں بھی چل رہی ہیں۔ کے ٹی آر نے سوچھ سرویکشن کے تحت مرکز کے ایوارڈ حاصل کرنے والی 19 میونسپلٹیز کیلئے 2 کروڑ روپئے فنڈز جاری کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے میونسپلٹیز کے عوامی نمائندوں اور عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے بہتر کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بڑنگ پیٹ، کورٹلہ، سرسلہ ، ترکایمجال، گجویل، ویملواڑہ، گھٹکیسر، کومپلی، حُسن آباد، آدی بٹلہ، کتہ پلی، چنڈور، نیرڈ چرلہ، بھوت پور، عالم پور، فریادی گوڑہ کو حکومت کی جانب سے خصوصی فنڈز دیئے جائیں گے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ نے ہر شعبہ میں ملک میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے گذشتہ دنوں تلنگانہ کو 19 ایوارڈز پیش کئے۔ کے ٹی آر نے مرکز پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کارکردگی کا اعتراف کرنے کے بجائے سیاسی مقصد براری کیلئے حکومت پر تنقید کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں انفرااسٹرکچر مزید بہتر بنانے کیلئے جاپان اور سنگاپور کے اسٹڈی ٹور کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایوارڈ حاصل کرنے والے 19 میونسپلٹیز کے چیرپرسن، کمشنرس اور ایڈیشنل کلکٹرس کو اسٹڈی ٹور پر روانہ کیا جائے گا۔ر