حیدرآباد ۔ 28۔ مئی (سیاست نیوز) مرگ کے موقع پر دمہ کے مریضوں کو مچھلی کی دوا 8 اور 9 جون کو نمائش میدان پر پلائی جائے گی۔ بتنی امرناتھ گوڑ کے مطابق ہر سال کی طرح دمہ کے مریضوں کو مرگ کے موقع پر دو دن تک مچھلی کی دوا پلائی جائے گی۔ 8 جون کی صبح 10 بجے نمائش میدان پر دوا پلانے کا آغاز ہوگا جو آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہے گا۔ فشریز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 1.25 لاکھ چھوٹی مچھلیوں کی سربراہی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر ضلع حکام نے پولیس اور دیگر محکمہ جات کی مدد سے انتظامات کا آغاز کیا ہے ۔ حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے عہدیداروں اور بتنی خاندان کے ساتھ اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیا ۔ امرناتھ گوڑ کے مطابق دودھ باؤلی کے خاندانی مکان پر 7 جون کو دوا تیار کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا واقعات میں اضافہ کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی ۔ تلنگانہ کے علاوہ مختلف ریاستوں اور بیرونی ممالک سے دمہ کے مریض دوا کیلئے حیدرآباد پہنچتے ہیں۔ گزشتہ 190 برسوں سے یہ خاندان مفت دوا تقسیم کر رہا ہے۔ نمائش میدان پر پولیس کی جانب سے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ جائزہ اجلاس میں 21 سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔1