دنیا بھرمیں کورونا سے ہلاکتیں 6لاکھ52ہزار سے متجاوز

   

شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ

جنیوا؍بیجنگ ؍نئی دہلی: دنیا بھر میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے اور اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں روز بہ روزتیز اضافہ ہورہا ہے جس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 64لاکھ 21 ہزار 958تک جا پہنچی ہے جبکہ اس جان لیوا وائرس سے ہلاکتیں 6 لاکھ52ہزار 308 ہو گئی ہیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 57لاکھ 17ہزار 166مریض اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز میں زیر علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 66 ہزار 238کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ ایک کروڑ 52ہزار 484مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔سپرپاور امریکہ اب بھی کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 49 ہزار 849افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس وبا سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 43 لاکھ 71ہزار 839ہو چکی ہے۔ کورونا وائرس کے امریکہ میں 21 لاکھ 31ہزار 861مریض اسپتالوں، قرنطینہ سینٹر زمیں زیر علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 18 ہزار 986کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 20لاکھ 90ہزار 129کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں یہ وائرس 87ہزار 52زندگیاں نگل چکا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد 24لاکھ 19ہزار 901تک جا پہنچی ہے ۔ہندوستان میں کوروناوائرس کا پھیلاؤاپنے شباب ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں تقریبا 50 ہزار افراد کے وائرس کی زد میں آنے سے متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 14.35 لاکھ ہوگئی ہے ۔ تاہم راحت والی بات یہ ہے کہ اس دوران تقریبا 32 ہزار مریضوں کی شفایابی کے ساتھ ہی اس وبا سے صحت مند ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 9.17 لاکھ ہوگئی۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے پیر کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 49931 کیسز کے رپورٹ ہونے سے متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1435453 ہوگئی ہے جبکہ اس وبا کی وجہ سے 708 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور یہ تعداد بڑھ کر 32771 ہوگئی ہے ۔ اسی عرصہ کے دوران31991 مریض صحت مند ہوچکے ہیں اوریہ تعداد بڑھ کر 917568 ا ہوچکی ہے ۔ اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے 485114 فعال کیسز ہیں۔کورونا وائرس سے روس میں مجموعی اموات کی تعداد 13 ہزار 269ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 12ہزار 485ہو چکی ہے ۔ساؤ تھ افریقہ میں کورونا وائرس کی وبا سے مجموعی اموات 6 ہزار 769ہو چکی ہیں، جہاں اس وائرس کے اب تک کل کیسز 4 لاکھ 45ہزار 433 رپورٹ ہوئے ہیں۔