دنیا بھر میں نسل پرستی، عدم رواداری اور مسلم دشمنی میں اضافہ : انٹونیوگوٹیرس

,

   

لبرل جمہوریتو ں اور آمرانہ حکومتو ں کے کچھ سیاسی قائدین نفرت انگیز خیالات اور زبان کو معمول کی کارروائی بنارہے ہیں

نیویارک : کوپن ہیگن کی ایک مسجد کے قریب اسلام مخالف شخص کی جانب سے ڈنمارک میں ترک سفارت خانے کے سامنے مسلمانوں کی مقدس کتاب جلانے کے چند گھنٹے بعد اقوام متحدہ نے خبردار کیا کہ انٹرنیٹ نے نفرت انگیز تقریر کو بھڑکایا جس سے مجرموں کو اپنا جھوٹ، سازشیں اور دھمکیاں پھیلانے میں مدد ملی۔رپورٹ کے مطابق سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس نے معاملے سے متعلق کی گئی 8 پوڈ کاسٹ گفتگو میں سے ایک میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم دنیا بھر میں زینو فوبیا، نسل پرستی، عدم رواداری ، خواتین کے خلاف پرتشدد بدگمانی، یہود دشمنی اور مسلم دشمنی بڑھتے دیکھ رہے ہیں۔یہ پوڈ کاسٹ گفتگو اقوام متحدہ کی اس مہم کا حصہ ہیں جس عنوان ’نفرت کے خلاف متحد‘، ہے اور اس کا مقصد بڑھتے ہوئے مسئلے کے اثرات اور ممکنہ حل تلاش کرنا ہے۔انتونیو گوتیرس نے نوٹ کیا کہ لبرل جمہوریتوں اور آمرانہ حکومتوں دونوں میں کچھ سیاسی قائدین نفرت انگیز خیالات اور زبان کو مرکزی دھارے میں لا رہے ہیں اور اس طرح سے وہ اس رویہ کو معمول کی کارروائی بنا رہے ہیں۔ راسموس پالوڈن جس نے ڈنمارک میں مقدس کتاب کو نذر آتش کیا تھا، وہ بھی انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے نفرت انگیز خیالات کو بڑھاوا دے رہا ہے جیسا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے ایسی حرکتوں کے پیچھے لوگوں کے بارے میں کہا۔راسموس پالوڈن پاس ڈنمارک اور سویڈن دونوں ملکوں کی شہریت ہے، اس نے 21 جنوری کو سویڈن میں قرآن پاک جلاتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کرکے نفرت انگیز مہم کا آغاز کیا، اس نے اسی طرح کی مذموم حرکت جمعہ کے روز کوپن ہیگن میں ترکیہ کے سفارت خانے سامنے بھی کی اور ارادہ ظاہر کیا کہ وہ سویڈن کی نیٹو میں شمولیت تک ہر جمعہ کو احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈنمارک میں بھی انتہائی دائیں بازو کے ڈینش سیاستدان راسموس پلودان نے قرآن پاک کے نسخے کو مسجد کے سامنے نذرآتش کردیا تھا، واقعہ کے بعد ترکیہ حکام نے ڈنمارک کے سفیر کو طلب کر لیا تھا۔افسوس ناک واقعہ سے قبل 21 جنوری کو سویڈن میں ترکیہ سفارت خانے کے باہر ڈنمارک کے انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت کے رہنما کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی تھی۔سویڈن، نیدرلینڈ اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان اور افغانستان سمیت ایران اور دیگر مسلم ممالک میں بھی بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے۔