دنیا بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیس 2 کروڑ سے متجاوز

,

   

واشنگٹن ؍ بیجنگ؍ میڈرڈ: دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ان تصدیق شدہ کیسوں میں نصف سے زیادہ متاثرین امریکہ، برازیل اور ہندوستان میں ہیں۔ میڈیا کے مطابق پیر کے روز تک دنیا بھر میں کورونا کے سبب اموات کی تعداد 7.28 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔ یہ تعداد دنیا بھر میں ہر سال انفلوئنزا کے سبب فوت ہونے والے افراد کی سب سے زیادہ تعداد سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق سانس سے متعلق اس مرض (کورونا) نے سالانہ شدید انفلوئنزا میں مبتلا ہونے والے افراد کی اوسط تعداد سے کم از کم 4 گنا زیادہ افراد کو متاثر کیا ہے۔عالمی ادارہ صحت میں صحت کے ہنگامی پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مائیکل ریان نے باور کرایا ہے کہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس بعض دیگر وائرسز کی طرح موسم کی صورت حال سے وابستہ نہیں ، اس امر نے کورونا پر کنٹرول کو مشکل بنا دیا ہے۔ ڈاکٹر مائیکل ریان نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں مزید بتایا کہ عالمی ادارہ صحت ان ملکوں کو بھی مشاورت پیش کر رہا ہے جہاں ایسا نظر آتا ہے کہ کورونا وائرس زیر کنٹرول ہے۔ انہوں نے دیگر ممالک پر زور دیا کہ وہ حکمت عملیوں پر عملدرامد کریں جن میں سماجی فاصلہ، چہرے پر ماسک اور علامات ظاہر ہونے کی صورت میں گوشہ نشینی شامل ہے۔ان مشکلات کی روشنی میں ایسا لگتا ہے کہ ماہرین اس بحران کے جلد خاتمے کے حوالے سے پر امید نہیں رہے۔اس سلسلے میں ایک جانب وقت کے تیزی سے گزرنے کا اندیشہ ہے تو دوسری جانب اختیار کی جانے والی پالیسی بھی خدشات کو ہوا دے رہی ہے۔ اسی واسطے ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں نے کام کو تیز کردیا ہے۔ سائنسدانوں کو یہ تشویش بھی ہیکہ ریکارڈ مدت میں اور دیگر ویکسین کی تیاری کے معیار اور قواعد و ضوابط سے ہٹ کر تیار کی جانے والی کورونا وائرس کی ویکسین کو لوگ مسترد نہ کر دیں۔