دنیا بھر کے کھڈڑیوں کی فلسطین کو حمایت

   

نئی دہلی ۔لندن۔آکلینڈ۔فلسطین پر اسرائیل کے ظلم کے خلاف کھیلوں کی دنیا سے فلسطین کے حق میں آوازیں بلند ہونے لگی ہیں جہاں ہندوستانی کرکٹرس محمد سمیع اور عرفان پٹھان کے علاوہ مانچسٹر کے فٹبالرس نے مظلوموں کے حق میں آواز بلند کی ہیں تو وہیں نیوزی لینڈ کے باکسرنے تو عالمی رہنماؤں کی خاموشی پر سوال اٹھایا ہے۔مانچسٹر یونائیٹڈ کے کھلاڑی پال پوگبا اور عماد ڈیلو نیاولڈ ٹریفورڈ گراونڈ میں فلسطینی پرچم لہراکر فٹبال کے ہزاروں شائقین کے دل جیت لئے۔پال پوگبا اور عماد ڈیلو نے منگل کی رات کو کلب کی فولام کے خلاف 1-1 سے برابری کے بعد گراونڈ میں فلسطینی پرچم لہراکر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرکے سوشل میڈیا پر داد وصول کی۔پوگبا جوکہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے مڈ فیلڈر کی حیثیت سے کھیلتے ہیں ، انہوں نے فلسطین کا جھنڈا اٹھایا تو ڈیلو نے بھی ان کے ساتھ پرچم کو تھاما اور ہزاروں شائقین کے سامنے اپنی ٹیم کے ساتھی کے ساتھ گراونڈ کا چکر لگایا۔انگلش پریمیئر لیگ کے فٹبالروں کا فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔اس سے قبل ہفتے کے روز ومبلے میں چیلسی کے خلاف لیسٹر سٹی کی فاکس ایف اے کپ کے فائنل میں فتح کے بعد لیسٹر سٹی کے کھلاڑی حمزہ چوہدری اور ویسلے فوفانا نے بھی فلسطینی پرچم لہرایا تھا۔واضح رہے کہ حالیہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 217 فلسطینی شہید اور1400سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔جن میں معصوم بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔جبکہ سینکڑوں عمارتیں بھی اب ملبے میں تبدیل ہوکر جارحیت اور ظلم کی کہانی بیان کررہی ہیں۔علاوہ ازیںنیوزی لینڈ کے رگبی اسٹار اور باکسر سونی بل ولیمز نے فلسطین پر اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی بمباری پر عالمی رہنماؤں کی رہنمائی پر سوال اٹھا دیا۔انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال دیکھ کر میرا دل رو رہا ہے۔سونی بل ولیمز نے کہا کہ اپنی امت کے ساتھ اس غیر انسانی سلوک کو دیکھتے ہوئے میرا دل رو روہا رہا ہے آنکھیں جل رہی ہیں۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں عالمی رہنماؤں کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہمارے نام نہاد قائدین کہاں ہیں؟ کیا ہم اسرائیلی طاقتوں سے خوفزدہ ہیں اس لیے ہم خاموش رہیں؟ اسٹار کھلاڑی نے دعا کی کہ یا اللہ فلسطین میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کی حفاظت فرمائے۔قبل ازیں ویمبلے میں کھیلے گئے ایف اے کپ کے فائنل میں لیسٹر سٹی نے چیلسی کو ایک گول سے ہرا کر پہلی مرتبہخطاب اپنے نام کیا تھا اور مقابلے میں بھی فلسطین کا مسئلہ عوامی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا ۔لندن کا ویملبے اسٹیڈیم میں ایف اے کپ کے فائنل میں لیسٹر سٹی اور چیلسی کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، دونوں جانب سے ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے کی جدوجہد جاری رہی۔میچ کا پہلا ہاف بغیر گول کے ختم ہوا، پھر 62ویں منٹ میں ٹائیلیمنز نے خوبصورت گول بنایا اور لیسٹر کو برتری دلا دی۔اس کے بعد کھیل میں مزید تیزی آئی لیکن کوئی ٹیم گول نہ بنا پائی اور لیسٹر سٹی نے ایک صفر کی فتح کے ساتھ پہلی مرتبہ ایف اے کپ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فاتح ٹیم کے جشن میں فلسطین کا رنگ بھی نمایاں دکھائی دیا، لیسٹر سٹی کے دو کھلاڑیوں نے فلسطینی پرچم تھام کر اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کیا، انگلینڈ میں فلسطین کے سفیر نے کھلاڑیوں اور کلب کی جانب سے حمایت پر لیسٹر سٹی سے اظہار تشکر بھی کیا تھا۔