دنیا میں 80 لاکھ سے زیادہ انسان تمباکو کے استعمال سے ہلاک

   

اسلام آباد : برصغیر ہند و پاک سمیت دنیا بھر میں زیادہ تر موذی امراض و اموات کا سبب تمباکو کا استعمال ہے۔ اندازے کے مطابق پاکستان میں 2کروڑ 40 لاکھ سے زائد افراد تمباکو استعمال کرتے ہیں، تمباکو کے استعمال کے حوالے سے پہلے دس ممالک میںپاکستان شامل ہے۔دنیا بھر میں 80لاکھ افراد تمباکو کے استعمال سے ہلاک ہو تے ہیں۔ محقق ڈاکٹر نسیم جنجوعہ نے کہا کہ تاریخ میںاس امر کا انکشاف ہوا کہ تمباکو کا پودہ امریکہ سے یورپ آیا جہاں مذہبی و رسمی مقاصد میں استعمال کیا جانے لگا۔ جوکہ بعد ازاں تفریخ کا سبب بن گیا۔ تمباکوکے پودے کے بارے میں کسی بھی جگہ اس سے صحت کے لئے فوائد کی بجائے نقصانات سامنے آئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تمباکو کی صنعت دنیا بھر میں صدیوں سے تو نہیں بلکہ کئی برسوں سے ایک ہی ڈگر پر چل رہی ہے۔ اب پوری دنیا میں اس صنعت نے اپنے صارفین کیلئے پر کشش مصنوعات متعارف کرا رکھی ہیں۔ جس کی طرف مزید انسان راغب ہو کر موت کی جانب سفرمیں کمی کر رہے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ جو کہ تمباکو کے کنٹرول کے حوالے سے ہے، پاکستان بھی دستخط کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔ جس میں تمباکو کی تشہیر اور صنعت پر بھاری ٹیکسوں کے نفاذ سمیت متعدد اقدامات شامل ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے اعلامیہ اور معاہداتی شرائط پر سختی سے کام کرنے کی مزید ضرورت ہے ، پاکستان میں تمباکو کی صنعت بھی مراعات حاصل کرتی رہتی ہے جس سے اس کو تقویت میسر ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمباکو کی مصنوعات کے حوالے سے انتہائی حدت سامنے آئی ہے جس پر قانون کی گرفت نظر نہیں آئی اور دن بدن مقبول ہو رہی ہے۔