واشنگٹن : امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ اور دنیا کیلئے سب سے بڑا چیلنج مستقبل قریب میں جوہری جنگ کو روکنا ہے ۔ ٹرمپ نے یہ بات ریاست وسکونسن کے ایک ٹاؤن ہال میں منعقدہ تقریب کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی رائے میں امریکہ اور دنیا کیلئے سب سے بڑا مسئلہ جوہری ہتھیار ہے ۔ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایک تباہ کن قوت ہیں اور ہمیں یہ یقینی بنانا چاہیے کہ وہ کبھی استعمال نہ ہوں۔سابق صدر نے کہا کہ وہ بات چیت کے راستے کھلے رکھ کر عالمی استحکام کو برقرار رکھنے میں مدد کر سکیں گے ۔ ٹرمپ نے ادعا کیاکہ امریکہ اور روس سب سے بڑی جوہری طاقتیں ہیں، لیکن ان کے خیال میں چین اپنے جوہری ذخیرے کو بڑھا کر تقریباً پانچ سال میں ان کا مقابلہ کر لے گا۔ اگر ٹرمپ نومبر کے صدارتی انتخابات میں جیت جاتے ہیں تو وہ روس کے ساتھ ہتھیاروں پر قابو پانے کے مذاکرات میں شامل ہوسکتے ہیں۔