دنیا کی کوئی طاقت ہمارے بزرگوں کی دی ہوئی آزادی نہیں چھین سکتی

,

   

جئے شری رام کے نعرے کے ساتھ ہجومی تشدد میں بے قصوروں کو ہلاک کرنے والے ہندوستانی کلچر سے ناواقف
جئے پور ۔25 جنوری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جے ڈی (یو) کے لیڈر پون کمار ورما نے ہفتہ کو کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت ہماری وہ آزادی نہیں چھین سکتی جس کی ضمانت ہمارے آبا و اجداد کے نظریات سے دی گئی ہے اور ہمارے دستور کی طرف سے اس کی توثیق کی گئی ہے کیونکہ یہ آزادی ہی ہماری اصل طاقت ہے ۔ ورما نے جئے پور ادبی میلہ میں ایک مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب تہذیب کا سرکاری مطلب و معنی ہی بدل چکا ہے ۔ یہ (سرکاری) کلچر ہمارے اس کلچر کے خلاف صف آراء و متصادم ہوگیا ہے جس پر ہمارے عوام صدیوں سے عمل پیرا ہیں۔ ہمارا یہ قدیم کلچر کسی بھی صورت میں نفرت کو ہندوستان کی واحد شناخت نہیں بناسکتا ۔ ادیب و سفارت کار سے سیاستداں بننے والے پون ورما نے کہاکہ برسرعام جئے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے دوسروں کو ہلاک کرنے والے لوگ خود اپنے ہی کلچر کی جڑ اور بنیاد سے ناواقف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دستور ہند اظہارخیال کی آزادی دیتا ہے جو درحقیقت اختراع کی بنیاد ہے ۔ وہ تمام جو آزادی کو مسترد کرتے ہیں دراصل اختراعی صلاحیتوں کے دشمن ہیں ۔حالیہ عرصہ میں ادیب اخلاق و شائستگی کی علامت لارڈ رام کی شبیہ مسخ کی گئی ہے کیونکہ ہم جئے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے ہجومی تشدد میں بے قصور افراد کو بے رحمی سے مار مارکر ہلاک کررہے ہیں۔ یہ لارڈ رام کی خوبصورت شبیہی کو مسخ کرنے کی بدترین مثال ہے کیونکہ وہ (حملہ آور) خود اپنی ہی تہذیب کی جڑوں سے ناواقف ہیں۔ تہذیب کا سرکاری مفہوم و مطلب اس سے بھی زیادہ بدتر ہے کیونکہ سرکاری کلچر ہمارے اُس حقیقی کلچر سے متضاد و متصادم ہے جس پر ہمارے عوام صدیوں سے پابندو کاربند ہیں۔ اس کلچر میں صرف نفرت کے نام سے ہندوستان کی شناخت و پہچان کی توثیق نہیں کی جاسکتی ۔