دبئی :دبئی دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلیفہ کا گھر ہے اور اس کے ساتھ ساتھ وہاں بہت کچھ منفرد ہے۔مستقبل قریب میں دنیا کا سب سے بڑا ائیرپورٹ بھی وہاں ہوگا۔المکتوم انٹرنیشنل ائیرپورٹ 2010 سے فعال ہے مگر اب اسے مزید توسیع دینے پر کام کیا جا رہا ہے۔دبئی کے جنوب مغرب میں 20 میل کی دوری پر موجود یہ ائیرپورٹ مستقبل میں دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ بھی ہوگا۔دبئی ائیرپورٹس نامی ائیرپورٹ اتھارٹی کے مطابق جب المکتوم انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا کام مکمل ہو جائے گا تو وہاں ہر سال 16 کروڑ سے زائد مسافروں کی آمد ہوگی۔اس وقت ہارٹسفیلڈ جیکسن اٹلانٹا انٹرنیشنل دنیا کا مصروف ترین ائیرپورٹ ہے جہاں 2022 میں لگ بھگ 10 کروڑ مسافروں کی آمد ہوئی تھی۔2023 میں دبئی ائیر شو کا انعقاد المکتوم انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہوا تھا جس کے دوران حکام نے توسیعی منصوبے کا اشارہ دیا تھا۔دبئی ائیرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو پال گریفتھ کے مطابق صارفین کی ضروریات کے مطابق توسیع اور سرمایہ کاری کو توجیح دی جارہیہے اور یہ کام اس وقت تک جاری رہے گا جب تک اسے مکمل نہیں کرلیا جاتا۔انہوں نے تعمیر مکمل ہونے کے وقت کے بارے میں نہیں بتایا مگر ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ایسا 2030 کی دہائی میں کسی وقت ہوگا۔دبئی ساؤتھ درحقیقت ایک نیا شہر ہوگا جو دبئی کے جنوب میں 145 کلومیٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہوگا۔