دواخانہ عثمانیہ میں کورونا سےموت کی تردید : سپرنٹنڈنٹ

   

حیدرآباد 26 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سرکاری عثمانیہ دواخانہ میں کورونا سے ایک شخص کی موت کی افواہوں کے دوران ہاسپٹل انتظامیہ نے کورونا سے کسی موت کی تردید کی ہے اور کہا کہ دواخانہ میں ایسا کچھ نہیں ہوا ہے ۔ ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر بی ناگیندر نے کہا کہ عثمانیہ دواخانہ میں کورونا سے موت کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے ۔ فی الحال دواخانہ میں کورونا کے تین مریضوں کا علاج چل رہا ہے اور یہ سب مستحکم حالت میں ہیں اور انہیں آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے ۔ ڈاکٹر ناگیندر نے کہا کہ چند دن قبل ایک شحص امراض قلب اور دیگر پیچیدگیوں کے ساتھ دواخانہ میں شریک ہوا تھا اور بعد میں اس کی موت واقع ہوئی تھی ۔ اسے کورونا بھی لاحق ہونے کا پتہ چلا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کیسوں میں اضافہ کے اندیشے ظاہر کئے جا رہے ہیں اور مریضوں کی تعداد میں کسی امکانی اضافہ کے پیش نظر دواخانہ میں انتظامیہ کی جانب سے موثر انتظامات بھی کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک پانچ بستروں والا آئسولیشن وارڈ بھی تیار کیا گیا ہے اور وہاں تمام ضروری سہولیات موجود ہیں۔ ان میں آئی سی یو بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دواخانہ میں وینٹی لیٹر ‘ آکسیجن ‘ آرٹی پی سی آر کی سہولت رکھتا ہے ۔