کانگریس امیدوار بنایا جانا یقینی، ٹی آر ایس کو سبق سکھانے کا بہترین موقع : اتم کمار ریڈی
حیدرآباد۔دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کیلئے ٹی آر ایس اور کانگریس میں سخت اور دلچسپ مقابلہ کا امکان ہے۔ ٹی آر ایس کی جانب سے آنجہانی رکن اسمبلی رام لنگا ریڈی کی بیوہ کو ٹکٹ دیئے جانے کے فوری بعد ٹی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی متیم ریڈی کے فرزند سرینواس ریڈی نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ متیم ریڈی میدک ضلع میں غیر معمولی مقبولیت رکھتے تھے اور دوباک اسمبلی حلقہ کے ٹکٹ کیلئے ان کے فرزند سرینواس ریڈی نے اپنی دعویداری پیش کی تھی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے رام لنگا ریڈی کی بیوہ کے نام کو منظوری دی جس کے فوری بعد سرینواس ریڈی نے توقع کے عین مطابق کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی اور امکان ہے کہ پارٹی انہیں امیدوار بنائے گی۔ گاندھی بھون میں منعقدہ تقریب میں سرینواس ریڈی نے اپنے حامیوں کے ہمراہ کانگریس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے سرینواس ریڈی کو پارٹی کا کھنڈوا پہنا کر استقبال کیا ۔ اس موقع پر سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا، رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ارکان اسمبلی ٹی جگا ریڈی، سیتکا ، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر، ورکنگ پریسیڈنٹ کسم کمار، خازن پی سی سی نارائن ریڈی، اے آئی سی سی ترجمان بی شراون، صدر ضلع کانگریس نرسا ریڈی، تروپتی ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سرینواس ریڈی کا کانگریس پارٹی میں استقبال کرتے ہیں اور ان کا سیاسی مستقبل روشن رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ متیم ریڈی کے فرزند کی حیثیت سے سرینواس ریڈی علاقہ میں کافی مقبول ہیں۔ متیم ریڈی نے حلقہ کی ترقی کیلئے غیر معمولی کام کیا تھا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین عوامی خدمات کے بجائے بدعنوانیوں میں ملوث ہیں۔ بدعنوانیوں کے ذریعہ سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں کروڑ حاصل کئے گئے۔ ٹی آر ایس دوباک میں دولت کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی جسے بھی امیدوار نامزد کرے عوام کو چاہیئے کہ اس کے حق میں ووٹ دیں اور پارٹی کے تمام قائدین تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ دوباک میں ترقیاتی کاموں کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کررہے ہیں اس کا صاف مطلب یہ ہوا کہ رام لنگا ریڈی نے کچھ نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو کامیاب بناتے ہوئے عوام ٹی آر ایس کو سبق سکھا سکتے ہیں۔ ٹی آر ایس کی شکست ریاست میں جمہوری اقدار کی بحالی کا سبب بنے گی۔ انہوں نے قائدین وکارکنوں سے اپیل کی کہ وہ متحدہ طور پر کام کریں۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ امیدوار کے بارے میں طویل مشاورت کے بعد ہائی کمان کو سفارش کی گئی ہے اور توقع ہے کہ امیدوار کے نام کا اعلان چہارشنبہ کو کیا جائے گا۔