دوباک میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کارکنوں میں جھڑپ

   

رکن اسمبلی رگھونندن راؤ کا پتلہ نذر آتش ، پولیس کی مداخلت ، دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کی گرفتاری

دوباک /26 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی دوباک بی جے پی ایم ایل اے مادھونینی رگھونندن راؤ نے منوگوڑ انتخابات کے ضمن میں ایک پرائیویٹ چیانل سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر آئی ٹی کے تاراک راما راؤ اور وزیر صحت و فینانس ٹی ہریش راؤ کے خلاف نامناسب ریمارکس کئے تھے ۔ جس کی تردید کرتے ہوئے ٹی آر ایس پارٹی کے قائدین نے دوباک میونسپلٹی بس اسٹانڈ کے قریب چوراستہ پر ایم ایل اے رگھونندن راؤ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پتلہ نذر آتش کیا ۔ بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی وزراء کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے خلاف غلط اور نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر ایم ایل اے رگھونندن راؤ کو فوری طور پر معافی مانگنی چاہئے ۔ ایک رکن اسمبلی کی حیثیت سے ریاستی وزراء کے خلاف اپنے نامناسب الفاظ استعمال نہیں کرنا چاہئے تھا ۔ ریاستی وزراء سے معافی نہ مانگنے کی صورت میں آنے والے دنوں میں جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے کرکے رکاوٹیں پیدا کریں گے ۔ حلقہ اسمبلی دوباک میں کہیں پر بھی چلنا پھرنا مشکل کریں گے ۔ بعد اس کے بی جے پی قائدین نے بھی ٹی آرا یس قائدین کے خلاف نعرے لگائے ۔ جس پر تھوڑی دیر کشمکش کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ دونوں پارٹیوں کے کارکنان اس طرح آمنے سامنے آگئے تھے کہ اگر پولیس مداخلت نہ کرتی تو بہت زیادہ مارپیٹ کی نوبت آسکتی تھی ۔ پولیس نے چوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کو گرفتار کرلیا ۔