دورۂ سری لنکا، ڈراویڈ ہندوستانی ٹیم کے کوچ

   

نئی دہلی۔ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے سربراہ راہول ڈراویڈ سری لنکا کے دورے کے دوران کوچ ہوں گے ۔ بی سی سی آئی نے پہلے ہی سری لنکا دورے کے لئے20 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے ۔ ٹیم کی کپتانی شکھر دھون کو دی گئی ہے حالانکہ کوچ کا اعلان نہیں کیا گیا تھا لیکن اب خود بی سی سی آئی کے صدر سوروگنگولی نے اس کی تصدیق کردی ہے ۔شکھر دھون کی کپتانی میں ٹیم سری لنکا کے دورے میں جائے گی جس میں کوچ راہول ڈراویڈ ہوں گے ۔ یہ دوسری مرتبہ ہوگا جب وہ بطورکوچ سینئر ٹیم سے وابستہ ہوں گے ۔ اس سے پہلے2004 میں انگلینڈ دورے پر ڈراویڈ ٹیم کے بیٹنگ مشیر تھے ۔ وہ انڈیا انڈر19 اور انڈیا اے ٹیم کے بھی کوچ رہ چکے ہیں۔ بی سی سی آئی صدر گنگولی نے واضح کردیا ہے کہ راہول ڈراویڈ ہی سری لنکا جانے والی ٹیم کے کوچ ہوں گے ۔ راہول ڈراویڈ اس وقت این سی اے کے صدر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کے سلسلے میں بھی جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے ممبئی میں ہوٹل پہنچنے سے پہلے ہی وہ اپنا کورونا ٹسٹ کروالیں ۔ممبئی میں ہوٹل میں ٹیم کو پندرہ دن تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا اور اس دوران ہر روز ان کا ٹسٹ کیا جائے گا۔ کولمبو پہنچنے کے بعد بھی تین دن تک ٹیم قرنطینہ میں رہے گی۔ مہمان ٹیم دو سے چار جولائی تک چھوٹے چھوٹے گرو پ میں مشق کرے گی۔سری لنکا دورے پر سبھی میچ کولمبو کے آر پریم داسا اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ۔ ہندوستان کی اصل ٹیم ورلڈ ٹسٹ چمپئن فائنل کھیلنے کے لئے انگلینڈ میں ہے ۔ ویراٹ کوہلی کی کپتانی والی ٹیم کو 18 سے 22 جون کے درمیان ساوتھمپٹن میں ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل کھیلنا ہے ۔ اس بعد ٹیم انگلینڈ میں ہی ٹھہرکر اگست۔ستمبر میں انگلینڈ کے ساتھ پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز کے لئے تیاری کرے گی۔ سری لنکا کے ساتھ ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے بی سی سی آئی نے الگ ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ہندوستانی ٹیم کو کولمبو میں پہلے 13 جولائی سے 18 جولائی کے بیچ تین ونڈے میچوں کی سیریز اور21 سے25 کے بیچ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنی ہے ۔ سری لنکا کے لئے ٹیم اس طرح ہے : شکھر دھون (کپتان)، پرتھوی شا، دیودت پڈیکل، ریتوراج گائیکواڑ، سوریہ کمار یادو ، منیش پانڈے ، نتیش رانا ، وکٹ کیپر ایشان کشن، سنجو سیمسن، آل راونڈر : ہاردک پانڈیا ، کرشنپا گوتم ،گیندباز : یجوندر چہل، راہل چہر، کلدیپ یادو، ورون چکروتی ، دیپک چاہر، نودیپ سینی، اور چیتن سکاریہ