دوستی کے بعد تحفہ کے نام پر عوام کو لوٹنے والے نائجریائی باشندے گرفتار

   

سوشیل میڈیا استعمال ، پولیس کمشنر رچہ کنڈہ دیویندر چوہان کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /23 اگست ( سیاست نیوز ) سوشیل میڈیا کے ذریعہ دوستی اور تحفہ روانہ کرنے کی آڑ میں عوام کو لوٹنے والے دو نائجریائی باشندوںکو رچہ کنڈہ سائبر کرائم نے گرفتار کرلیا۔ نائجیریا سے بھارت اسٹوڈنٹ ویزا پر آنے والے یہ دھوکہ باز سوشیل میڈیا پر خود کو یوروپی باشندے ظاہر کر رہے تھے اور ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے خود کی یوروپ میں موجودگی کا یقین دلا رہے تھے ۔ پولیس نے 23 سالہ اومن اونی سیلوئیر ساکن دہلی متوطن نائجریا اور 23 سالہ المیکے ایڈوریس چوکوا ساکن دہلی متوطن نائجریا کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 6 موبائل فون دو پاسپورٹ ایک وائی فائی روٹر نوٹ بکس اور ایک لاکھ 78 ہزار روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا۔ پولیس کمشنر دیویندر سنگھ چوہان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ یہ دونوں نائجریائی باشندے علحدہ علحدہ طور پر اسٹوڈنٹ ویزا کے ذریعہ بھارت آئے تھے اور دہلی میں قیام پذیر تھے ۔ سوشیل میڈیا انسٹاگرام کے ذریعہ یہ لوگ دوستی کرتے تھے اور دوستی کے نام پر تحفہ روانہ کرنے کا جھانسہ دیکر انسٹاگرام ساتھیوں سے رقم لوٹ لیا کرتے تھے ۔ شکایت گذار متاثرہ لڑکی سے انہوں نے پہلے دوستی کی اور تحفہ روانہ کرنے کا جھانسہ دیکر اس سے 3 لاکھ 63 ہزار روپئے لوٹ لئے ۔ پولیس نے بتایا کہ سائبر کرائم سائبرآباد کے علاوہ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس اسٹیشن چادرگھاٹ پولیس اسٹیشن سائبر کرائم حیدرآباد اور سائبر آباد میں بھی ان کے خلاف مقدمات درج ہیں ۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا اور سوشیل میڈیا کے استعمال میں چوکسی اور احتیاط کا عوام کو مشورہ دیا۔ ع