دوسری جنگ عظیم کے بعد ومبلڈن پہلی مرتبہ منسوخ

   

لندن ۔2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )کورونا وائرس نے اگر ایک طرف کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ اولمپکس کو ملتوی کیا ہے تو دوسری جانب ٹینس کے سب سے مقبول ٹورنمنٹ ومبلڈن ٹینس ٹورنمنٹ بھی اس کے وار سے محفوظ نہ رہ سکا اور اس کی منسوخی کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب یہ اہم ترین ایونٹ منسوخ ہوا ہے۔ شیڈول کے مطابق ومبلڈن ٹینس ٹورنمنٹ 29 جون تا 12 جولائی تک ومبلڈن (لندن برطانیہ) میں کھیلا جانا تھا تاہم منتظمین نے کورونا کی وبا کے پیش نظر اس ٹورنمنٹ کی منسوخی کا اعلان کیا۔سال کے چار گرانڈ سلام ٹورنمنٹس میں شامل ومبلڈن کو نہ صرف ٹینس مقابلوں میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے بلکہ یہ ایک میلے کی بھی حیثیت رکھتا ہے جو دو ہفتوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ومبلڈن ٹینس کا سب سے قدیم ٹورنمنٹ بھی ہے جو 1877 سے آل انگلینڈ کلب ومبلڈن کے آؤٹ ڈو گراس کورٹ پر کھیلا جاتا ہے اور اسے دنیا کا سب سے معتبر ٹینس ٹورنمنٹ مانا جاتا ہے۔دی گارڈین کے مطابق اس ٹورنمنٹ کی تیاریوں کے لیے دو ماہ کا وقت درکار ہوتا ہے جو ملک میں جاری حکومتی لاک ڈاؤن اور پابندیوں کی وجہ سے ممکن نہ تھا۔سابق عالمی نمبر ایک اور آٹھ مرتبہ کے ومبلڈن چمپئن سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر اور سات مرتبہ کی ومبلڈن چمپئن سابق عالمی نمبر ایک امریکی کی سرینا ولیمز نے ومبلڈن کی منسوخی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ فیڈرر اور سرینا ولیمز 2019 کے رنراپ تھے۔ سرینا ولیمز نے لکھا کہ مجھے ومبلڈن کی منسوخی کا سن کر سخت دھکہ لگا ہے۔ فیڈرر نے کہا کہ یہ تباہ کن ہے۔میں آئندہ سال تک اس کا انتظار نہیں کر سکتا۔چیئرمین آل انگلینڈ کلب ایئن ہیواِٹ نے کہا ہے کہ ہم نے یہ فیصلہ آسانی سے نہیں لیا بلکہ کھلاڑیوں، تماشائیوں اور اس ایونٹ کا انعقاد کروانے والوں کی صحت کے پیش نظر کیا ہے۔چیف ایگزیکٹو آل انگلینڈ ٹینس کلب رچرڈ لیوئس نے کہا کہ یہ فیصلہ کئی اعتبار سے ایک مشکل فیصلہ تھا، تاہم یہ فیصلہ اس وقت نہ صرف سوسائٹی بلکہ ہم سب کے مفاد میں ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ برس ایک اندازے کے مطابق 5 لاکھ سے زائد شائقین میدان میں ومبلڈن ٹینس ٹورنمنٹ سے لطف اندوز ہوئے۔ ان میں برطانیہ کے علاوہ دنیا بھر سے آنے والے شائقین بھی شامل تھے۔اس وقت سربیا کے نواک جوکووِچ ومبلڈن میں مردوں کے سنگلز مقابلوں جبکہ رومانیہ کی سِمونا ہالیپ خواتین کے سنگلز مقابلوں کی دفاعی چمپئن ہیں۔