دوسعودی خاندانوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، 6 ہلاک

   

ریاض ۔ 27 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے جنوب مغربی صوبے میں دو خاندانوں کے درمیان تنازع کے دوران فائرنگ کے تبادلے سے 6 افراد ہلاک ہوگئے۔اے پی کی رپورٹ میں پولیس ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا کہ صوبہ اسیر میں فائرنگ کے واقعے میں لیفٹیننٹ کرنل زید الدباش سمیت دیگر 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی نے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام سعودی شہری ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس جرم میں استعمال ہونے والا اسلحہ ضبط کرلیا ہے اور استغاثہ معاملے پر تحقیقات کر رہا ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات شاذ و نادر ہی رپورٹ ہوتے ہیں اور پولیس اہلکار نے اس بات کا کوئی اشارہ نہیں دیا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ دہشت گردی ہے۔مقامی میڈیا نے بتایا کہ اس فائرنگ میں دو خاندان ملوث تھے حالانکہ ان کے درمیان تنازع کی وجہ واضح نہیں ہے۔یہ واقعہ سعودی عرب کے صوبے اسیر کے علاقے ال امووا میں پیش آیا۔