دولت اسلامیہ کے جہادیوں کے ہاتھوں 7 امریکی جنگجو ہلاک

   

بیروت ۔ 26مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) دولت اسلامیہ نے آج ادعا کیا کہ امریکی تائیدیافتہ فوج پر حملے کے بعد شمالی شام کے شہر من بیج میں تقریباً 7امریکی جنگجو ہلاک کردیئے گئے ۔ من بیج ماضی میں دولت اسلامیہ کا مستحکم گڑھ رہ چکا ہے جس پر آج کل فوجی کونسل حکمرانی کررہی ہے ، جس کا الحاق شامی جمہوری افواج سے ہے ۔ امریکہ کرد زیرقیادت نیم فوجی جنگجوؤں کی تائید کررہا ہے ، جنہوں نے دولت اسلامیہ پر فتح پالینے کا ادعا کیا ہے اور مشرقی شام میں ہفتہ کے دن دولت اسلامیہ کے آخری مستحکم گڑھ کو آزاد کروا لیا ہے ۔ من بیج فوجی کونسل کے ایک ترجمان نے کہا کہ شیریان درویش کے بموجب یہ انتقامی اور جوابی حملہ تھا ۔ دولت اسلامیہ پر فتح حاصل کرنے کے بعد کرد زیرقیادت فوج خفیہ اڈوں پر قبضہ کررہی ہے اور انہیں دولت اسلامیہ کے قبضہ سے آزاد کروایا جارہا ہے ۔ بعض شعبے حملوں میں فوج سے تعاون کررہے ہیں اور جنگ زدہ علاقوں کی بازآبادکاری میں حصہ لے رہے ہیں ۔دولت اسلامیہ نے عہد کیا ہے کہ شامی جمہوری فوج پر انتقامی حملے اور خودکش بمباری جاری رکھی جائے گی ۔ انسانی حقوق کی رصدگاہ بیروت کے بموجب شامی جمہوری فوج کے ارکان دولت اسلامیہ کے تازہ ترین حملہ میں ہلاک ہوئے ہیں ۔