دوماہ میں کورونا کے زیادہ کیس ، کیرالا و مہاراشٹرا متاثر

   

ملک میں تیسری لہر کا اندیشہ بڑھ گیا ، انفکشن اور اموات کی تعداد میں اضافہ
نئی دہلی: ہندوستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا انفیکشن کے 46759 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ تقریبا دو ماہ میں کورونا کے روزانہ کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ گذشتہ روز یہ تعداد 44658 تھی اور کورونا کے مریضوں میں 4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ نئے کیسوں کے ساتھ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد اب بڑھ کر 3 کروڑ 26 لاکھ 49 ہزار 947 ہوگئی ہے۔ملک میں جملہ 1.10 فیصد ایکٹیو کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔اس وقت ملک بھر میں فعال کیسز کی تعداد 3 لاکھ 59 ہزار 775 ہے۔ صحت یابی کی شرح 97.56 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 31852802 افراد اس وبا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔کیرالا اور مہاراشٹر میں پائے جانے والے نئے کوروناکیسز سے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4654 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ کیرالا میں 32801 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیرالہ میں 179 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ مہاراشٹرا میں 170 افراد فوت ہوئے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 31374 ہے۔