دونوں شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری

,

   

آئندہ 3 دن تک ہلکی اور تیز بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے بیشتر علاقو ںمیں آج شام سے دوبارہ بارش کا آغاز ہوا جس کے سبب موسم سرد ہوچکا ہے۔دونوں شہروں میں صبح سے ہی مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے موسم میں خنکی پائی جانے لگی تھی لیکن شہر حیدرآباد میںسہ پہر ہلکی بوندا باندی کے بعد مطلع صاف ہونے کی توقع کی جا رہی تھی لیکن دوبارہ مطلع ابر آلود ہوتے ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدارو ںنے فوری طور پر حکام کو چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ وہ شہر حیدرآباد کے نشیبی علاقوں پر خصوصی نگاہ رکھیں اور تیز بارش کی صورت میں پانی جمع ہونے پر نکاسی کے فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔شہر حیدرآباد میں شام کے ساتھ ہی مسلسل بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے دیگر اضلاع میںآئندہ تین یوم کے دوران ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔شہر میں گرج اور چمک کے ساتھ مسلسل بارش کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات کے علاوہ برقی سربراہی منقطع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں ۔کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر لوکیش کمار نے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیش قیاسی کا جائزہ لینے کے بعد تمام زونل کمشنراں کو ہدایت دی کہ شہر حیدرآباد کے نشیبی علاقوں کے سلسلہ میں چوکسی اختیار کریں اور ان علاقوں میں پانی جمع ہونے پر فوری نکاسی کے اقدامات کئے جائیں۔شہر حیدرآباد میں گذشتہ تین یو م سے مطلع صاف رہا اور گذشتہ یوم درجہ حرارت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا لیکن آج صبح کی اولین ساعتوں سے ہی مطلع ابر آلود رہا۔محکمہ موسمیات کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ پڑوسی ریاستوں میں طوفان کی صورتحال اور مسلسل بارش کے علاوہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں آئندہ تین یوم کے دوران بھی ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔شہر حیدرآباد اور سکندرآباد کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجودنشیبی علاقوں کے علاوہ تالابوں اور کنٹوں پر خصوصی نگاہ رکھی جا رہی ہے کیونکہ گذشتہ ہفتہ کے دوران ہوئی بارش کے سبب سکندرآباد کے بعض تالابوں کے لبریز ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھی ۔