دونوں شہروں میں برساتی پانی کی نکاسی کیلئے 495ٹیمیں

   

120مقامات کی نشاندہی، کمیونٹی ہالس اور اسکولس میںپمپس کی تنصیب
حیدرآباد ۔24جون ( این ایس ایس ) تلنگانہ میں مانسون کے سرگرم ہونے کے ساتھ ہی موسلادھار بارش کے آغاز سے قبل جی ایچ ایم سی نے شہر کے مختلف مقامات پر جمع ہونے والے برساتی پانی کی نکاسی اور متعلقہ مسائل سے نمٹنے کیلئے مختلف اقدامات کئے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کمشنر دانا کشور نے آج یہاں میڈیا کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ اعلان کیا ۔ انہوں نے مطلع کیا کہ مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں پر مشتمل 495مانسون ٹیمس متحرک کرجاری ہیں ۔ ان ٹیموں سے بہتر استفادہ کیلئے گلوبل پوزیشننگ سسٹم ( جی پی ایس ) سے مختلف گاڑیوں کو آراستہ کیا جارہا ہے اور جہاں کہیں بھی وہ خدمات پر تعینات کی جائیں گی اُن کے مقام کی نشاندہی ہوجائے گی ۔ دونوں شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں پانی جمع ہونے کے 120 مقامات کی نشاندہی کی جاچکی ہے ، جن کی تین زمروں اے ، بی اور سی میں تقسیم کی گئی ہیں ۔ اے زمرے کے مقامات پر پانی کی نکاسی کیلئے مستقل طور پر پمپ نصب کردیئے جائیں گے اور ایک اسسٹنٹ انجنیئر کو نگرانی کیلئے تعینات کیا جائے گا ۔ دانا کشور نے کہا کہ کمیونٹی ہال ، اسکولوں اور سرکاری عمارتوں میں برقی پمپ رکھے جائیں گے جو بہ وقت ضرورت پانی کی نکاسی کیلئے استعمال کئے جائیں گے ۔