دونوں شہروں میں موسلادھار بارش

,

   

شہر و اضلاع میں 48 گھنٹوں میں مزید بارش متوقع
حیدرآباد۔20اکٹوبر(سیاست نیوز) دونوں شہر وں حیدرآباد و سکندرآباد میں دوپہر سے ہی اچانک موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی اور شہر کے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔شہر کے کئی علاقوں میں صبح کی اولیں ساعتوں سے ہی مطلع ابر آلود رہا اور دوپہر سے ہی بارش شروع ہوگئی اور بار ش کا یہ سلسلہ شام تک وقفہ وقفہ سے جاری رہا جس کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہونے لگیں۔شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں بنجارہ ہلز‘ جوبلی ہلز‘ مادھا پور‘ شیرلنگم پلی ‘ آصف نگر‘ شیخ پیٹ‘ مہدی پٹنم ‘ نامپلی ‘ عابڈس‘ فلک نما‘ جہاں نما‘ شمشیر گنج‘ چندرائن گٹہ‘ بندلہ گوڑہ‘ بارکس‘ تاڑبن‘ کالا پتھر کے علاوہ دیگر علاقو ںمیں موسلا دھار بارش کا وقفہ وقفہ سے سلسلہ جاری رہا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے مطابق ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع میں آئندہ دو یوم کے دوران ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے اور شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاقو ںمیں بھی بارش کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے۔جی ایچ ایم سی کی جانب سے ہنگامی حالات میں خدمات انجام دینے والے عملہ کو متحرک کرتے ہوئے سڑکوں پر جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا گیا اور شہر کی کئی اہم سڑکوں پرجی ایچ ایم سی کے عملہ کو پانی کی نکاسی میں مصروف دیکھا گیا۔