دونوں شہروں و نواحی علاقوں میں بارش ‘ گرمی سے قدرے راحت

   

حیدرآباد12اگسٹ(سیاست نیوز) دونوں شہروں اور نواحی علاقوں میں صبح بارش کے سبب درجہ حرارت میں 3 ڈگری سیلسیس کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔گذشتہ کئی دنوں سے حیدرآباد میں موسم خشک رہا لیکن آج صبح شہر و نواحی علاقوں میں نصف گھنٹے کیلئے دونوں شہروں میں ہوئی بارش کے بعد گرمی سے راحت ملی اور دن بھر مطلع ابرآلود رہا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 20 اگسٹ تک شہرمیں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ 20 اگسٹ کے بعد سے حیدرآبادو سکندرآباد و نواحی علاقوں میں بارشں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں 20 اگسٹ کے بعد مانسون دوبارہ سرگرم ہونے کا امکان ہے لیکن موسلادھار بارشوں کی کچھ بھی پیش قیاسی قبل از وقت ہوگی۔ خانگی ماہرین نے بھی محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کی توثیق کی اور کہا کہ 20اگسٹ کے بعد دونوں شہروں میں بارش کے امکانات ہیں اور جاریہ ماہ کے اواخر تک مانسون کی بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے لیکن معمول کے مطابق بارش ہوگی جو فاضل نہیں کہی جاسکتی بلکہ ماہ اگسٹ کے دوران مجموعی بارش میں کمی ریکارڈ کی جائے گی۔