دو سہیلیوں کو بدنام کرنے والا نوجوان گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /6 اگست (سیاست نیوز) ساتھی کی سہیلی سے بات کروانا ایک لڑکی اور اس کی سہیلی کیلئے مہنگا ثابت ہوا ۔ یہ لڑکیاں خاص سہیلیاں تھیں انکے ساتھی نے انہیں فحاشہ ظاہر کردیا ۔ ایک کے بعد دوسری لڑکی سے محبت کی پیشکش کو ٹھکرانے کے بعد ناگراجو نے دونوں کو جسم فروشی بتاکر بدنام کرنا شروع کردیا ۔ تاہم شکایت کے بعد پولیس نے 25 سالہ ناگراجو کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شیورام پلی کا ساکن ناگراجو پہلے ایک ہاسپٹل میں کام کرتا تھا اور متاثرہ لڑکی بھی اسی ہاسپٹل میں کام کرتی تھی ۔ دونوں میں دوستی ہوگئی اور ناگراجو نے ایک دن اس کی سہیلی کودیکھا اور خواہش کی کہ وہ اس لڑکی سے بات کروائے جو ایک ہاسٹل میں رہتی تھی ۔ کچھ دن بعد پہلی لڑکی سے زیادہ ناگراجو دوسری لڑکی سے بات کرنے لگا اور فون پر اس کی تصاویر منگوائی اور ان کو محفوظ کرلیا ۔ کچھ دن کے بعد ناگراجو نے اس لڑکی سے محبت کی پیشکش کی جس پر لڑکی نے اسے ٹھکرادیا ۔ چند روز بعد ناگراجو نے پہلی لڑکی کو محبت کی پیشکش کی اس نے بھی اس کی پیشکش کو ٹھکرادیا اور وہ پریشان ہوگیا ۔ دونوں سے بدلہ لینے ان کی تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کرکے سوشیل سائیٹ پر پوسٹ کردیا اور انہیں جسم فروش ظاہر کیا ۔ شکایت پر پولیس نے ناگراجو کو گرفتار کرلیا ۔ راجہ کنڈہ سائبر کرائم پولیس نے یہ کارروائی انجام دی ۔