دو عمرے ادا کرنے کے دوران 14 دن کا وقفہ لازمی ہوگا

,

   

مکہ مکرمہ ۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ زائرین کو ایک عمرے کے اختتام کے بعد دوسرے کی عمرے کی بکنگ کے لیے 14 دن کا وقفہ دینا ہوگا جبکہ اینڈرائڈ فونز پر اعتمرنا ایپ جلد مہیا کر دی جائے گی۔ میڈیا کے مطابق وزارت کے چیف پلاننگ اینڈ سٹریٹیجی آفیسر ڈاکٹر امر المداح نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے وضح کی گئی احتیاطی تدابیر کو سامنے رکھتے ہوئے زائرین دو مرتبہ عمرہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک عمرہ کی 35 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے عمرہ منصوبہ کے پہلے مرحلے میں زائرین چار اکتوبر سے عمرے کی ادائیگی کر سکیں گے۔ان کے مطابق پہلے مرحلے میں زائرین ایک دن میں مختلف اوقات میں چھ مرتبہ عمرہ ادا کریں گے اور اس کے لیے ہر زائر کو تین گھنٹے ملیں گے۔ ڈاکٹر امر المداح نے کہا ہے کہ شام کی نمازوں کے دوران زائرین کو عمرے کی اجازت نہیں ہوگی کیونکہ ان اوقات میں صفائی کی جائے گی۔ زائرین صفائی کے بعد آدھی رات کو عمرہ کر سکیں گے۔ عمرہ کرنے والے ہرگروپ کے سوپروائزر ہوں گے جو سماجی فاصلے اور دیگر احتیاطی تدابیر کو یقینی بنائیں گے۔ اگر کوئی کورونا کیس سامنے آتا ہے تو قرنطینہ کے لیے مرکزی مقام کے ہوٹلز میں کمرے مہیا کیے جائیں گے۔ دوسرا مرحلے کا شیڈول پہلے مرحلے کا مکمل جائزہ لینے کے بعد دو ہفتوں کے وقفے سے شروع ہوگا۔ڈاکٹر امر المداح نے کہا کہ سعودی عرب دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی کورونا سے حفاظت کو مد نظر رکھتے ہوئے حج اورعمرہ کے دوران اضافی اقدامات کر رہا ہے تاکہ وہ آسانی اور سکون کے ساتھ عبادت کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اعتمرنا ایپ اینڈرائڈ پر پہلے لانچ ہونا تھا لیکن اینڈرائڈ کی پالیسیوں کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی۔ ایپ اینڈرائڈ اور ایپل دونوں کو پیش کی گئی تھی لیکن ایپل نے اس کام جلدی مکمل کر لیا۔