دھان کی خریدی پر ہریش راؤ کے الزامات مسترد: اتم کمار ریڈی

   

پیداوار اور خریدی میں تلنگانہ کا ریکارڈ، حکومت کے خلاف مہم ترک کرنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 14۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے ریاست میں دھان کی خریدی کے بارے میں بی آر ایس قائد ہریش راؤ کے الزامات کو مسترد کردیا۔ ہریش راؤ نے حکومت پر کسانوں سے دھان کی خریدی میں تساہل کا الزام عائد کیا۔ اتم کمار ریڈی نے دھان کی خریدی سے متعلق اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے ہریش راؤ سے مطالبہ کیا کہ حکومت کے خلاف مہم کا سلسلہ بند کریں۔ انہوں نے جاریہ ربیع سیزن کے دوران دھان کی خریدی سے متعلق تقابلی اعداد و شمار جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں دھان کی خریدی میں اضافہ کا رجحان ہے۔ بی آر ایس دور حکومت میں 2022-23 کے دوران 19.62 لاکھ میٹرک ٹن دھان کسانوں سے خریدی گئی تھی۔ ربیع سیزن 2023-24 میں 29.88 لاکھ میٹرک ٹن اور جاریہ ربیع سیزن 2024-25 میں 43.10 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ خریداری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں پہلی مرتبہ 43.10 لاکھ میٹرک ٹن دھان حاصل کی گئی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلہ 44 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ بی آر ایس دور حکومت سے تقابل کریں تو 120 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ کانگریس حکومت نے اضلاع میں دھان کی خریدی کے اضافی مراکز قائم کئے ہیں جس کے نتیجہ میں کسانوں کو راست طور پر فائدہ ہوا ہے۔ حکومت کسانوں کو فی کنٹل 500 روپئے بونس کی ادائیگی پر قائم ہے۔ اقل ترین امدادی قیمت کے علاوہ 500 روپئے بونس ادا کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ نے دھان کی پیداوار میں ملک میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ 66.7 لاکھ ایکر اراضی پر 153.5 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی پیداوار ہوئی۔ ربیع اور خریف سیزن میں جملہ 280 لاکھ میٹرک ٹن کی پیداوار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دھان کی پیداوار میں تلنگانہ سرفہرست ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے ناکارہ ہونے کے باوجود ریاست میں دھان کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے۔1