خریدی مراکز کے قیام اور ایکشن پلان کی تیاری کی ہدایت، عہدیداروں کو روزانہ مراکز کا معائنہ کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے کسانوں سے ربیع سیزن میں دھان کی مکمل خریدی کے فیصلہ کے بعد چیف سکریٹری سومیش کمار نے ضلع کلکٹرس اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں ہر ضلع میں دھان کی خریدی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر کے سی آر کی صدارت میں منعقدہ کابینی اجلاس میں کل فیصلہ کیا گیا تھا کہ نئے مراکز قائم کرتے ہوئے کسانوں سے دھان کی خریدی کی جائے۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ جنگی خطوط پر خریدی کے مراکز قائم کریں اور اقل ترین امدادی قیمت کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہر ضلع میں دھان کی خریدی پر روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کیلئے خصوصی کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت دی۔ ریاستی سطح کا کنٹرول روم حیدرآباد میں قائم کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ ضلع کلکٹرس کو چاہیئے کہ وہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے وزراء اور سینئر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے دھان کی خریدی کے سلسلہ میں ایکشن پلان تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزراء کی جانب سے عنقریب خریدی مراکز کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ کلکٹرس، ایڈیشنل کلکٹرس اور دیگر سینئر عہدیداروں کو روزانہ کم از کم 4 خریدی مراکز کا معائنہ کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ کسانوں کو خریدی کے معاملہ میں کوئی دشواری نہ ہو۔ کلکٹرس سے کہا گیا کہ خالی تھیلے بڑی تعداد میں حاصل کئے جائیں تاکہ دھان کو محفوظ رکھنے میں سہولت ہو۔ اس سلسلہ میں اسپیشل آفیسر کا تقرر کیا جائے اور اگریکلچرل ایکسٹنشن آفیسرس کی خدمات حاصل کی جائیں۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ دھان کیلئے فی کنٹل 1960 روپئے امدادی قیمت مقرر کی گئی ہے۔ر