وزیر اعظم نریندر مودی کو چیف منسٹر کے سی آر کا مکتوب، ریاستی وزراء کی آج پیوش گوئل سے ملاقات
حیدرآباد۔/23 مارچ، ( سیاست نیوز) دھان کی خریدی کے مسئلہ پر بی جے پی اور ٹی آر ایس کے درمیان لفظی تکرار میں شدت پیدا ہوچکی ہے۔ ایسے میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ انہوں نے ربیع سیزن کی تمام دھان کی پیداوار کو خریدنے کیلئے مرکز سے درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکمل دھان کی خریداری کے بغیر کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت کا کوئی تصور نہیں رہے گا۔ تلنگانہ کے کسانوں پر دھان کی عدم خریدی سے منفی اثرات مرتب ہوں گے اور زراعت کا شعبہ بحران سے دوچار ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر فوڈ سیکوریٹی پالیسی کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے مرکز کو فوری تلنگانہ سے مکمل دھان حاصل کرنا چاہیئے۔ چیف منسٹر نے مکتوب میں پنجاب کی طرح تلنگانہ سے مکمل دھان کی خریدی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ فوڈ سیکورٹی قانون پر عمل آوری مرکز کی ذمہ داری ہے۔ اس قانون کے تحت دھان کی خریدی اور اس کا تحفظ کرنا مرکز کے فرائض میں شامل ہے۔ انہوں نے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر ریاستوں کے چیف منسٹرس اور زراعت کے ماہرین کے ساتھ اجلاس طلب کرنے کی تجویز پیش کی۔ اسی دوران مرکزی وزیر اغذیہ پیوش گوئل نے تلنگانہ کے وزراء اور ارکان پارلیمنٹ کو کل جمعرات کو ملاقات کا وقت دیا ہے۔ پارلیمنٹ میں واقع ان کے چیمبر میں صبح 11:40 بجے ارکان پارلیمنٹ اور ریاستی وزراء نرنجن ریڈی، جی کملاکر، پرشانت ریڈی اور اجئے کمار پیوش گوئل سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں دھان کی خریدی پر توجہ دلائیں گے۔ر