دھان کے مسئلہ پر تلنگانہ حکومت کا تنازعہ غیر ضروری : کشن ریڈی

   

چیف منسٹر سے معاہدہ کے بارے میں وضاحت کا مطالبہ
حیدرآباد۔/12 اپریل، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ حکومت دھان کے مسئلہ پر غیر ضروری تنازعہ پیدا کررہی ہے۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تحریری طور پر مرکزی حکومت سے معاہدہ کیا ہے کہ بوائلڈ رائس نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے اس بارے میں چیف منسٹر سے وضاحت کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کسی بھی ریاست میں بوائلڈ رائس استعمال نہیں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بوائلڈ رائس مفت تقسیم کیا گیا تب بھی عوام حاصل کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر جان بوجھ کر مرکز پر الزام تراشی کے ذریعہ کسانوں اور عوام میں اُلجھن پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے مرکز کے خلاف ٹی آر ایس کے احتجاجی دھرنوں پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سیزن میں فوڈ کارپوریشن آف انڈیا نے 62 لاکھ میٹرک ٹن چاول کی خریدی کیلئے تلنگانہ سے معاہدہ کیا تھا۔ اسی طرح گزشتہ سیزن میں معاہدہ کے مطابق بوائلڈ رائس کی مقدار حوالے نہیں کی ہے۔ مزید 8.34 لاکھ ٹن بوائلڈ رائس فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے حوالے نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر بیجا الزام تراشی کررہی ہے تاکہ سیاسی فائدہ حاصل کیا جاسکے۔ر