دھرم شالہ میں آج ہند۔انگلینڈ پانچویں ٹسٹ کا آغاز

   

ہندوستان کے 8 کھلاڑی اس میدان پر پہلا ٹسٹ کھیلیں گے

دھرم شالہ ۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی ٹسٹ سیریزکا آخری میچ کل یہاں دھرم شالہ کے ایچ پی سی اے اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔ انگلینڈ اس میچ کو جیتنے کی کوشش کرے گا اور ہندوستان کے دورے کا اختتام جیت کے ساتھ کرنے کا خواہاں ہوگا ۔دوسری جانب ہندوستانی ٹیم سیریز 4-1 سے جیتنا چاہے گی۔ حیدرآباد میں پہلا ٹسٹ میچ ہارنے کے بعد ٹیم نے زبردست واپسی کی اور لگاتار تین میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرلی ہے ۔ اب پانچواں میچ دھرم شالہ میں ہے جس میں ٹیم کے آٹھ کھلاڑی اس میدان پر پہلی مرتبہ ٹسٹ کھیلیں گے ۔ دھرم شالہ میں اب تک صرف ایک ٹسٹ میچ کھیلا گیا ہے۔ یہ میچ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان مارچ 2017 میں کھیلا گیا تھا۔ اس کے بعد اب تقریباً سات سال بعد یہاں ٹسٹ میچ ہو رہا ہے اور اس بار بھی قومی ٹیم جیتنا چاہے گی۔ ہندوستان کے سال 2017 میں کھیلے گئے میچ کے پلیئنگ 11 اور7 مارچ کو کھیلے جانے والے ٹیم کے ممکنہ پلیئنگ11 کو دیکھیں تو میزبان ٹیم کے آٹھ کھلاڑیوں کا اس میدان پر ڈیبیو یقینی لگتا ہے۔ 2017 میں کھیلے گئے ٹسٹ میچ میں موجودہ ٹیم کے تین کھلاڑی پلیئنگ 11 میں تھے۔ یہ تین کھلاڑی روی چندرن اشون، رویندرا جڈیجہ اور کلدیپ یادو ہیں ۔ یہ یقینی سمجھا جاتا ہے کہ یہ تینوں انگلینڈ کے خلاف بھی کھیلیں گے۔ یہ تینوں آخری میچ بھی کھیل چکے ہیں اور ٹیم کو کامیابی ملی ہے۔ اس بار بھی تینوں کھیلیں گے لیکن باقی آٹھ کھلاڑیوں نے اس سے پہلے دھرم شالہ میں کوئی ٹسٹ میچ نہیں کھیلا ہے جس میں روہت شرما اور جسپریت بمراہ کے نام بھی شامل ہیں۔ یشسوی جیسوال، شوبھمن گل، سرفراز خان، رجت پاٹیدار، آکاش دیپ، دھرو جوریل کے نام بھی شامل ہیں۔ اگر ٹیم پلیئنگ 11 میں تبدیلی کرتی ہے تو بھی آکاش دیپ کی جگہ محمد سراج کو موقع مل سکتا ہے۔ ایسے میں بھی ٹیم کے آٹھ کھلاڑی دھرم شالہ میں پہلا مقابلہ کھیلیں گے۔ 2017 میں جب ٹیم اس میدان میں آئی تھی تو ہندوستان کے چائنا مین کلدیپ یادو نے اپنا ڈیبیو کیا تھا۔ اس میچ کی پہلی اننگز میں کلدیپ نے چار وکٹ لیے تھے اور ڈیوڈ وارنرکو اپنا پہلا شکار بنایا تھا۔ اس وقت ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی تھے لیکن کوہلی اس میچ میں نہیں کھیلے تھے اور اجنکیا رہانے نے ٹیم کی کپتانی کی تھی۔ رہانے اب ٹیم سے باہر ہیں اور کوہلی وقفہ پر ہیں۔ اگر کوہلی بھی کھیلتے تو اس گراؤنڈ پر یہ ان کا پہلا ٹسٹ میچ ہوتا۔
کھیلو انڈیا میں میڈل جیتنے والے
سرکاری ملازمت کیلئے اہل
نئی دہلی: کھیلو انڈیا کے تمام مقابلوں میں میڈل جیتنے والے اب نظر ثانی شدہ معیار کے مطابق سرکاری ملازمتوں کے اہل ہوں گے، وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے یہ بات کہی۔ ٹھاکر نے کہا کہ یہ اقدام وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک مضبوط کھیلوں کے ماحولیاتی نظام کے وژن، نچلی سطح پر موجود صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور کھیلوں کو ایک منافع بخش اور قابل عمل کیریئر میں تبدیل کرنے کے مطابق ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ عملہ اور تربیت نے، وزارت کھیل کے ساتھ مشاورت سے سرکاری ملازمتوں کے خواہاں کھلاڑیوں کے لیے اہلیت کے معیار میں ترقی پسند نظرثانی کی ہے۔